پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ضیا فاروقی کی غزلیں — Zia Farooqui Ghazals

ضیا فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دنیائے بے لباس ہے اس انتظار میں (غزل)

دنیائے بے لباس ہے اس انتظار میں

دیکھے ہمیں بھی پیرہن تار تار میں

لاتا ہے کون شور نفس کو شمار میں

سب جی رہے ہیں عالم ناپائیدار میں

بھٹکے تمام عمر تو یہ منکشف ہوا

ہم حرف رایگاں تھے خط انتشار میں

آنکھیں نہ تھیں تو وہ بھی نظر سے اتر گئے

کیا کیا حسین خواب تھے اس جلوہ زار میں

سورج نے دن تمام کیا تھک کے سو گیا

میں گھومتا رہا مگر اپنے مدار میں

وہم و گماں کی تیز ہوائیں ہیں مشتعل

روشن ہے اک چراغ در اعتبار میں

کاٹے تھے اس نے شغل سماعت میں رات دن

کیا تھا ہمارے تذکرۂ کم عیار میں

جائیں کدھر کہ راہ کوئی سوجھتی نہیں

رستے میں سب اٹے ہوئے گرد و غبار میں

مدت ہوئی میں نیند سے جاگا نہیں ضیاؔ

کس نے مجھے اچھال دیا تیرہ غار میں

مری آنکھوں میں جو تھوڑی سی نمی رہ گئی ہے (غزل)

مری آنکھوں میں جو تھوڑی سی نمی رہ گئی ہے

بس یہی عشق کی سوغات بچی رہ گئی ہے

وقت کے ساتھ ہی گل ہو گئے وحشت کے چراغ

اک سیاہی ہے جو طاقوں پہ ابھی رہ گئی ہے

اور کچھ دیر ٹھہر اے مری بینائی کہ میں

دیکھ لوں روح میں جو بخیہ گری رہ گئی ہے

آئینو تم ہی کہو کیا ہے مرے ہونٹوں پر

لوگ کہتے ہیں کہ پھیکی سی ہنسی رہ گئی ہے

بوجھ سورج کا تو میں کب کا اتار آیا مگر

دھوپ جو سر پہ دھری تھی سو دھری رہ گئی ہے

کچھ بتا اے مرے نسیان یہ کیا ماجرا ہے

بات جو بھولنے والی تھی وہی رہ گئی ہے

یوں تو اس گھر کے در و بام سبھی ٹوٹ گئے

ہاں مگر بیچ کی دیوار ابھی رہ گئی ہے

سوچتا ہوں کہ تصور کو سمیٹوں کیسے

بستر خواب پہ بھی آنکھ کھلی رہ گئی ہے

جانے کیا بات ہے موسم میں ضیاؔ اب کے برس

دھوپ کے ہوتے ہوئے برف جمی رہ گئی ہے

یہ خواب سارے (نظم)

یہ خواب سارے

ابھی جو آنکھوں میں سو رہے ہیں

یہ جاگ اٹھے تو کیا کرو گے

تو کیا کرو گے جو خواب سارے

تمہاری آنکھوں سے باہر آ کر

تخئیل کی بیکراں فضا میں

کسی سنہرے حسین لمحے کو قید کر لیں

کسی کی زلفوں میں پھول ٹانکے

کس کے ہونٹوں پہ گنگنائیں

کسی کے شانوں پہ ہاتھ رکھ دیں

کسی کے پہلو میں بیٹھ جائیں

تو کیا کرو گے

پلٹ کے ماضی میں لوٹ جائیں

ہر ایک منظر ہر ایک پیکر

ہر ایک کوچہ ہر اک ڈگر پر

جنوں بداماں تمہیں نچائیں

تمہاری وحشت کو آزمائیں

کسی کھنڈر کی شکستہ چوکھٹ پہ بیٹھ جائیں

سیاہ طاقوں پہ مومی شمعیں

تمہاری یادوں میں جھلملائیں

کوئی ہیولیٰ کوئی سراپا

تمہیں پکارے

تمہاری آنکھوں پہ ہاتھ رکھ دے

گلاب ڈالی کا ہار کوئی

تمہارے تلووں میں گدگدائے

لہریا آنچل کا کوئی ٹکڑا

ہوا میں اڑتا ہوا سا آئے

تمہارے اشکوں سے بھیگ جائے

تمہاری آنکھوں سے اشک بن کر

تمہارے دامن پہ پھیل جائیں

لہو رلائیں

پلٹ کے ماضی میں لوٹ جائیں!

مزید غزلیں از ضیا فاروقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں