پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ضیا فتح آبادی کی غزلیں — Zia Fatehabadi Ghazals

ضیا فتح آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نظر نظر سے ملانا کوئی مذاق نہیں (غزل)

نظر نظر سے ملانا کوئی مذاق نہیں

ملا کے آنکھ چرانا کوئی مذاق نہیں

پہاڑ کاٹ تو سکتا ہے تیشۂ فرہاد

پہاڑ سر پہ اٹھانا کوئی مذاق نہیں

اڑانیں بھرتے رہیں لاکھ طائران خیال

ستارے توڑ کے لانا کوئی مذاق نہیں

لہو لہو ہے جگر داغ داغ ہے سینہ

یہ دو دلوں کا فسانہ کوئی مذاق نہیں

ہوائیں آج بھی آوارہ و پریشاں ہیں

مہک گلوں کی اڑانا کوئی مذاق نہیں

ہزاروں کروٹیں لیتے ہیں آسمان و زمیں

گرے ہوؤں کو اٹھانا کوئی مذاق نہیں

یہ اور بات بلائیں نہ اپنی محفل میں

مگر ضیاؔ کو بھلانا کوئی مذاق نہیں

حسن ہے محبت ہے موسم بہاراں ہے (غزل)

حسن ہے محبت ہے موسم بہاراں ہے

کائنات رقصاں ہے زندگی غزل خواں ہے

عشرتوں کے متلاشی غم سے کیوں گریزاں ہے

تیرگی کے پردے میں روشنی کا ساماں ہے

گیت ہیں جوانی ہے ابر ہے بہاریں ہیں

مضطرب ادھر میں ہوں تو ادھر پریشاں ہے

دھوپ ہو کہ بارش ہو تو ہے مونس و ہمدم

مجھ پہ یہ ترا احساں اے غم فراواں ہے

رند بخل ساقی پر کس قدر تھے کل برہم

مے کدہ ہے آج اپنا اور تنگ داماں ہے

اف دو رنگیٔ دنیا اف تضاد کا عالم

کفر کے اجالے ہیں تیرگیٔ ایماں ہے

بے نقاب دیکھا تھا خواب میں انہیں اک شب

آج تک نگاہوں میں اے ضیاؔ چراغاں ہے

وہ نغمے وہ مناظر وہ بہاریں یاد ہیں مجھ کو (نظم)

وہ نغمے وہ مناظر وہ بہاریں یاد ہیں مجھ کو

یہی وہ نقش ہیں جو مٹ نہیں سکتے مٹانے سے

وہ راتیں اور وہ ساون کی پھواریں یاد ہیں مجھ کو

یہی افسانے اکثر کہتا رہتا ہوں زمانے سے

وہ تیرا مسکرا کر چاند کو تابندگی دینا

شراب عشق سے مخمور ہو جانا فضاؤں کا

وہ تیری مست آنکھوں کا نوید زندگی دینا

وہ اکثر کھیلنا زلف پریشاں سے ہواؤں کا

مرا دل ہو گیا ہے گردش ایام سے واقف

بلند و پست عالم پھر رہے ہیں میری آنکھوں میں

مذاق دل بری ہے عشق کے پیغام سے واقف

تصور ہے مرا کھویا ہوا سا تیری آنکھوں میں

تو مجھ سے دور ہے لیکن تجھے میں یاد کرتا ہوں

نہ جب فریاد کرتا تھا نہ اب فریاد کرتا ہوں