پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذیشان ساحل کی غزلیں — Zeeshan Sahil 1 Ghazals

ذیشان ساحل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کس قدر محدود کر دیتا ہے غم انسان کو (غزل)

کس قدر محدود کر دیتا ہے غم انسان کو

ختم کر دیتا ہے ہر امید ہر امکان کو

گیت گاتا بھی نہیں گھر کو سجاتا بھی نہیں

اور بدلتا بھی نہیں وہ ساز کو سامان کو

اتنے برسوں کی ریاضت سے جو قائم ہو سکا

آپ سے خطرہ بہت ہے میرے اس ایمان کو

کوئی رکتا ہی نہیں اس کی تسلی کے لیے

دیکھتا رہتا ہے دل ہر اجنبی مہمان کو

اب تو یہ شاید کسی بھی کام آ سکتا نہیں

آپ ہی لے جائیے میرے دل نادان کو

شہر والوں کو تو جیسے کچھ پتا چلتا نہیں

روکتا رہتا ہے ساحل روز و شب طوفان کو

کسی کی دین ہے لیکن مری ضرورت ہے (غزل)

کسی کی دین ہے لیکن مری ضرورت ہے

جنوں کمال نہیں ہے کمال وحشت ہے

میں زندگی کے سبھی غم بھلائے بیٹھا ہوں

تمہارے عشق سے کتنی مجھے سہولت ہے

گزر گئی ہے مگر روز یاد آتی ہے

وہ ایک شام جسے بھولنے کی حسرت ہے

زمانے والے تو شاید نہیں کسی قابل

جو ملتا رہتا ہوں ان سے مری مروت ہے

ہوا بہار کی آئے گی اور میں چوموں گا

وہ سارے پھول کہ جن میں تری شباہت ہے

خدا رکھے تری آنکھوں کی دل نوازی کو

تری نگاہ مری عمر بھر کی دولت ہے

ترے بغیر بجھا جا رہا ہوں اندر سے

جو ٹھیک ٹھاک ہوں باہر سے تو یہ عادت ہے

جو ہو سکے تو مجھے اپنے پاس رکھ لینا

ترا وصال تو اک ثانوی سعادت ہے

ترے بغیر کوئی کیسے زندہ رہتا ہے

مگر میں ہوں کہ یہی عشق کی روایت ہے

کسی دن تیز بارش میں (نظم)

کسی دن تیز بارش میں

اگر ہم بھیگ جائیں تو

رگ و پے میں محبت کو

سمو لینا ضروری ہے

کسی کی یاد میں آنکھیں

بھگو لینا ضروری ہے

بدن مٹی کی خوشبو میں

ڈبو لینا ضروری ہے

گھنے ریشم کی ڈوری میں

پرو لینا ضروری ہے

اگر یہ ساری باتیں وقت پر

تکمیل پا جائیں

تو پھر بارش میں

اس کے ساتھ

ہو لینا ضروری ہے

مزید غزلیں از ذیشان ساحل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں