پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذیشان ساجد کی غزلیں — Zeeshaan Sajid Ghazals

ذیشان ساجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہارے بعد تمہی تم رہے ہو آنکھوں میں (غزل)

تمہارے بعد تمہی تم رہے ہو آنکھوں میں

تمہاری تو مرے خوابوں تلک رسائی رہی

سب آس پاس تھے لیکن نظر نہیں آئے

تعلقات پہ اتنی سموگ چھائی رہی

تری خدائی کو ہم دیکھ ہی نہیں پائے

کہ ہم پہ تو ترے بندوں ہی کی خدائی رہی

سفر کٹے کہ نہیں نقش پا رہے لیکن

خیال و خواب رہے رنگت حنائی رہی

یہ کیسا خواب تھا ذیشانؔ زندگی اپنی

یہ کیسی دھن مرے چاروں طرف سمائی رہی

کام اتنے ہیں کہ آرام نہیں جانتے ہیں (غزل)

کام اتنے ہیں کہ آرام نہیں جانتے ہیں

لوگ یہ سب سے اہم کام نہیں جانتے ہیں

فیس بک پر ہیں مرے جاننے والے لاکھوں

میرے ہم سایے مرا نام نہیں جانتے ہیں

عشق میں ذہن کو تکلیف نہ دی دل کی سنی

ہم اسی واسطے انجام نہیں جانتے ہیں

ہمیں بس اتنا پتا ہے کہ خدا ہوتا ہے

ہم ان اقسام کی اقسام نہیں جانتے ہیں

سب نے سگریٹ کی طرح منہ سے لگا لی دنیا

ہے نشہ اتنا کہ انجام نہیں جانتے ہیں

دے تو سکتے ہیں سبھی جان خدا کی خاطر

پر خداوند کے احکام نہیں جانتے ہیں

میں کہ لوگوں میں بہت کم ہی رہا ہوں ذیشانؔ

اس لیے لوگ مجھے عام نہیں جانتے ہیں

دماغ لے لو دماغ لے لو (نظم)

دماغ لے لو دماغ لے لو

بڑی ہی محنت سے پرورش کی ہے سالہا سال لگ چکے ہیں

دماغ کو علم و فن دیا اور

ذہن کو پاکیزگی عطا کی

سمجھنا اور سوچنا سکھایا

شعور بخشا دماغ کو آگہی عطا کی

حساب جانے کتاب جانے

پڑھا لکھا ہے

دماغ کے پاس تجربہ ہے

دماغ لے لو

سنو سنو آپ کے یہ الجھے ہوئے مسائل کو حل کرے گا

مرا یہ دعویٰ ہے آپ کی زندگی نہایت سہل کرے گا

ذرا ذرا کر کے صبح سے شام تک میں کتنوں کو بیچ آیا دماغ اپنا

مرا پسینہ تھا جس کا ایندھن وہ شعلہ شعلہ چراغ اپنا

یہ رات کا کون سا پہر ہے

میں راستہ بھولنے لگا ہوں

یہ سال کا آخری ہے موسم

میں ٹھنڈ سے کپکپا رہا ہوں

مزید غزلیں از ذیشان ساجد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں