پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زینت اللہ جاوید کی غزلیں — Zeenatullah Javed Ghazals

زینت اللہ جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم شکستہ دل ستم گر بن گئے (غزل)

ہم شکستہ دل ستم گر بن گئے

آئنے ٹوٹے تو خنجر بن گئے

ہم پرندوں سے ہنر چھینے گا کون

جل گیا اک گھر تو سو گھر بن گئے

وقت کے دھارے نے بدلا وہ مزاج

شبنمی قطرے سمندر بن گئے

خوش نما گنبد تو کوئی اور ہے

ہم تو بنیادوں کے پتھر بن گئے

اے خدا اپنی خدائی دیکھ لے

لوگ تو خود ہی پیمبر بن گئے

اب پرندوں کا وہاں کیا آشیاں

سنگ مرمر کے جہاں گھر بن گئے

چہرے پر ایک اور بھی چہرہ لگائیے (غزل)

چہرے پر ایک اور بھی چہرہ لگائیے

دل چاہے رو رہا ہو مگر مسکرائیے

ایسا نہ ہو کہ اپنی ہی صورت پہ شک پڑے

اتنا بھی آئنے کو نہ منہ سے لگائیے

ہو فاصلہ تو اور بھی بڑھ جاتی ہے کشش

کچھ دور جا کے اور بھی نزدیک آئیے

کانٹوں سے میرے پھولوں کو نسبت نہیں کوئی

میں شاخ دل ہوں مجھ سے نہ دامن بچایئے

ممکن جو ہو سکے تو افق بن کے دوستو

اس آسماں کو آج زمیں سے ملائیے

جاویدؔ اپنے آپ کو سمجھیں گے اس طرح

اک مشت خاک لے کے ہوا میں اڑائیے

مزید غزلیں از زینت اللہ جاوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں