پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زینت شیخ کی غزلیں — Zeenat Shaikh Ghazals

زینت شیخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

برباد ہو گئے ہیں بہت تیرے پیار میں (غزل)

برباد ہو گئے ہیں بہت تیرے پیار میں

افسردہ آج بیٹھے ہیں غم کے حصار میں

لیتی ہوں روز لطف اذیت بہار میں

انگلی چبھوتی رہتی ہوں میں نوک خار میں

کب لوٹ کر تو آئے گا اے میرے ہم نشیں

صدیاں گزر گئیں ہیں ترے انتظار میں

بکھرا ہوا ہے چار سو یادوں کا اک ہجوم

ہلچل مچی ہوئی ہے دل بے قرار میں

تنہائیوں کے دشت میں جینا محال ہے

لمحے پہاڑ ہونے لگے ہجر یار میں

در در کی خاک چھان رہی ہوں ترے لیے

صورت بگڑ گئی مری گرد و غبار میں

فرصت کہاں کہ ڈھونڈھنے جاؤں مسرتیں

زینتؔ الجھ گئی ہوں غم بے شمار میں

تیری چاہت ہی مری زیست کا سرمایہ ہے (غزل)

تیری چاہت ہی مری زیست کا سرمایہ ہے

خود کو کھویا ہے تو اب پیار ترا پایا ہے

جس کی خاطر مری آنکھوں کے دیے روشن تھے

آج آنگن میں وہ مہتاب اتر آیا ہے

شب فرقت میرے آئینۂ دل میں ہمدم

تو نہ آیا تو ترا عکس ابھر آیا ہے

اک نہ اک دن اسے احساس ندامت ہوگا

بے سبب اس نے مرے پیار کو ٹھکرایا ہے

اور کچھ بھی نہ دیا جھوٹی تسلی کے سوا

مجھ کو بچوں کی طرح آپ نے بہلایا ہے

دشت تنہائی میں قیدی کی طرح ہوں زینتؔ

میں جہاں ہوں وہاں ہم درد نہ ہمسایہ ہے

مزید غزلیں از زینت شیخ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں