پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زرینہ زریں کی غزلیں — Zarina Zarreen Ghazals

زرینہ زریں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہے جو منصف وہی قاتل ٹھہرا (غزل)

ہے جو منصف وہی قاتل ٹھہرا

عدل کا ملنا تو مشکل ٹھہرا

تجھ سے ملتے ہی لگا یوں جیسے

تیرا ملنا ہی تو حاصل ٹھہرا

تجھ کو کیوں ڈھونڈتی قریہ قریہ

تیرا مسکن تو میرا دل ٹھہرا

رشک ہوتا ہے مجھی سے مجھ کو

تو مری روح میں شامل ٹھہرا

رقص جاری ہے تجلی کا جہاں

ہاں وہ محفل تو مرا دل ٹھہرا

غم نہیں زریںؔ تلاطم کا مجھے

عزم جو اب مرا ساحل ٹھہرا

ویرانیوں میں سبزہ اگاتی رہی ہوں میں (غزل)

ویرانیوں میں سبزہ اگاتی رہی ہوں میں

ہریالیوں کا روپ دکھاتی رہی ہوں میں

خون جگر سے سینچ کے بنجر قدم قدم

پتھر کے دل میں پھول کھلاتی رہی ہوں میں

اس کا فریب راس اسے آ گیا مگر

سچائیوں سے آنکھ ملاتی رہی ہوں میں

تیری نوازشیں بھی رہیں میری زندگی

اور تجھ کو آئنہ بھی دکھاتی رہی ہوں میں

اس کی نگاہ تکتی رہی مجھ کو غور سے

اور میٹھی چاندنی میں نہاتی رہی ہوں میں

زریںؔ اگرچہ چھڑ ہی گیا قصۂ وفا

تصویر بس وفا کی بناتی رہی ہوں میں

تم کہتے ہو مجھ سے اکثر (نظم)

تم کہتے ہو مجھ سے اکثر

میری طرف سے لو کی لپٹیں اجلی شعاعیں

نکھر نکھر کے بکھر بکھر کے

تم کو نا معلوم حصاروں میں لے لیتی ہیں

بے خود کرتی رہتی ہیں

میں نے بھی دیکھا ہے تم کو

سرمستی میں بے خود ہوتے

حال کے طاری ہو جانے تک

خوشبو بن میں رقص مسلسل کرتے ہوئے

جھم جھم برستی بارش میں

رقص مسلسل کرتے ہوئے جانب دریا

رقص مسلسل کرتے ہوئے محو نظارہ

رقص مسلسل کرتے ہوئے غرق تمنا

مزید غزلیں از زرینہ زریں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں