پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زرقا نسیم غالب کی غزلیں — Zarqa Naseem Ghalib Ghazals

زرقا نسیم غالب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دن گزرتا نہیں رات ڈھلتی نہیں (غزل)

دن گزرتا نہیں رات ڈھلتی نہیں

ایک حسرت ہے دل سے نکلتی نہیں

راستہ دیکھتی ہیں نگاہیں ترا

اس طرف دل کی حالت سنبھلتی نہیں

غم ہزاروں ہیں پر مسکراتی ہوں میں

کیا کروں میری عادت بدلتی نہیں

مدتیں ہو گئیں عہد خاموش کو

آرزو کوئی دل میں مچلتی نہیں

سب کتابوں میں محفوظ ہیں آج تک

میں کسی پھول کو بھی مسلتی نہیں

بس یہی ایک زرقاؔ میں اچھائی ہے

کوئی بھی راز اپنا اگلتی نہیں

وہ جس کو یاد رکھنا تھا زمانہ بھول جاتی ہوں (غزل)

وہ جس کو یاد رکھنا تھا زمانہ بھول جاتی ہوں

حقیقت جس میں ہو ایسا فسانہ بھول جاتی ہوں

مری یادوں کے گل دانوں کو آخر کیا ہوا ہے یہ

ہوا جو پار دل کے وہ نشانہ بھول جاتی ہوں

مری باتوں پہ جب بھی وہ خفا ہونے پہ آتا ہے

میں ہنس دیتی ہوں پر اس کو منانا بھول جاتی ہوں

وہ جب بھی پھول لے کر راہ میں موجود ہوتا ہے

مجھے دیکھو میں اس رستے پہ جانا بھول جاتی ہوں

کسی تتلی نے میرے کان میں چپکے سے کہہ ڈالا

تمہیں دیکھوں تو میں اپنا ٹھکانہ بھول جاتی ہوں

بھری محفل میں کہہ دیتی ہوں افسانہ محبت کا

گزرتی ہے جو دل پر وہ چھپانا بھول جاتی ہوں

میں اپنے دل میں اتنا نرم گوشہ رکھتی ہوں زرقاؔ

محبت میں کسی کو آزمانا بھول جاتی ہوں

مزید غزلیں از زرقا نسیم غالب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں