زرینہ ثانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مایا جال نہ توڑا جائے (غزل)
مایا جال نہ توڑا جائے
لوبھی من مجھ کو ترسائے
مل جائے تو روگ ہے دنیا
مل نہ سکے تو من للچائے
میرے آنسو ان کا دامن
ریت پہ جھرنا سوکھا جائے
شیشے کے محلوں میں ہر دم
کانچ کی چوڑی کھنکی جائے
پیار محبت رشتے ناطے
ثانیؔ کوئی کام نہ آئے
تو اپنے جیسا اچھوتا خیال دے مجھ کو (غزل)
تو اپنے جیسا اچھوتا خیال دے مجھ کو
میں تیرا عکس ہوں اپنا جمال دے مجھ کو
میں ٹوٹ جاؤں گی لیکن نہ جھک سکوں گی کبھی
مجال ہے کسی پیکر میں ڈھال دے مجھ کو
میں اپنے دل سے مٹاؤں گی تیری یاد مگر
تو اپنے ذہن سے پہلے نکال دے مجھ کو
میں سنگ کوہ کی مانند ہوں نہ بکھروں گی
نہ ہو یقیں جو تجھے تو اچھال دے مجھ کو
خوشی خوشی بڑھوں کھو جاؤں تیری ہستی میں
انا کے خوف سے ثانیؔ نکال دے مجھ کو
عہد ماضی کے جھروکوں سے چلی آتی ہیں (نظم)
عہد ماضی کے جھروکوں سے چلی آتی ہیں
مسکراتی ہوئی یادیں میری
گنگناتی ہوئی یادیں میری
اور محسوس یہ ہوتا ہے مجھے
جیسے بنجر سی زمیں
قطرۂ ابر گہر بار سے شاداب بنی
جیسے صحرا میں بھٹکتے ہوئے اک راہی کو
چشمۂ آب ملا
جیسے پامال تمنائیں ترشح پا کر
پھر تر و تازہ ہوئیں
جیسے ترسیدہ کلی
مسکراہٹ سے دل آویز بنے
ایک لمحہ کے لیے
سینۂ سوزاں مرا
شبنمی یاد سے مسکاتا ہے
کپکپاتی ہوئی سہمی ہوئی ہستی میں
انہیں یادوں کی حلاوت میں سما جاتی ہے
یہی یادیں تو مری زیست کا سرمایہ ہیں