پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظریف لکھنوی کی غزلیں — Zareef Lakhnavi Ghazals

ظریف لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وحشت میں ہر اک نقشہ الٹا نظر آتا ہے (غزل)

وحشت میں ہر اک نقشہ الٹا نظر آتا ہے

مجنوں نظر آتی ہے لیلیٰ نظر آتا ہے

اے مرغ سحر ککڑوں کوں بول کہیں جلدی

تو بھی شب فرقت میں گونگا نظر آتا ہے

داڑھی کو تری واعظ سب دیکھ کے کہتے ہیں

وہ قصر تقدس کا چھجا نظر آتا ہے

باز آئے محبت سے اے عشق خدا حافظ

الفت میں جسے دیکھو اندھا نظر آتا ہے

کچھ تجھ کو خبر بھی ہے دیکھ آئنے میں صورت

او ترچھی نظر والے بھینگا نظر آتا ہے

سوراج کے چکر میں رہتے تھے جو سرگرداں

ان لوگوں کو اب خالی چرخا نظر آتا ہے

تیرے رہنے کو مناسب تھا کہ چھپر ہوتا (غزل)

تیرے رہنے کو مناسب تھا کہ چھپر ہوتا

کہ نہ چوکھٹ تری ہوتی نہ مرا سر ہوتا

قسمت نجد کا گر قیس کمشنر ہوتا

لیڈی لیلیٰ کی ہوا خوری کو موٹر ہوتا

غیر مل جل کے اٹھا لیتے کہ تھے بے غیرت

گو پہاڑ آپ کے احسان کا چھپر ہوتا

چائے میں ڈال کر عشاق اسے پی جاتے

در حقیقت لب معشوق جو شکر ہوتا

ملک الموت پہ جھلنے کو بناتا میں چنور

طائر روح کی دم میں جو کوئی پر ہوتا

لے ہی لیتا لب دلدار کا بوسہ اڑ کر

کاش عاشق جو بنایا تھا تو مچھر ہوتا

ٹھوکریں غیر کے مرقد پہ لگاتا کیوں کر

بوٹ کی جا پہ جو تو پہنے سلیپر ہوتا

چاٹتا ساری کتابوں کو بغیر از دقت

علم کا شوق جسے ہے جو وہ جھینگر ہوتا

پاس کرتا رزولیوشن کہ حسینوں پہ ہو ٹیکس

میں کبھی میونسپلٹی کا جو ممبر ہوتا

لکھنؤ سے شب یکشنبہ بریلی آتے

پاؤں میں گر نہ ظریفؔ اپنے سنیچر ہوتا

مسلم سے تنفر اور کفار سے یارانہ (نظم)

مسلم سے تنفر اور کفار سے یارانہ

آخر یہ قلا بازی کیوں کھا گئے مولانا

لکشمی کی محبت نے دل موہ لیا اتنا

منہ موڑ کے کعبے سے پہنچے سوئے بت خانہ

اسلام تعجب سے انگشت بدنداں ہے

مرگھٹ میں جلے شمع توحید کا پروانہ

تھالی میں سیاست کی بینگن کی طرح لنڈھکے

اور اس کو سمجھتے ہیں اک چال حریفانہ

پبلک کے پھنسانے کو سب جال کے پھندے تھے

یہ دیش یہ عمامہ اور سبحۂ صد دانہ

مزید غزلیں از ظریف لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں