پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ضامن جعفری کی غزلیں — Zamin Jafri Ghazals

ضامن جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محتسب ہے ہوا کرے کوئی (غزل)

محتسب ہے ہوا کرے کوئی

مت سنو تم بکا کرے کوئی

ایک افسر ہے ماتحت ہیں دس

کس کی حاجت روا کرے کوئی

سب کو پہنچا دیا کرو حصہ

جب بھی کچھ دے دیا کرے کوئی

دن کو منظور ہر ستم لیکن

شب کو بہلا لیا کرے کوئی

آج کل کس کی سن رہے ہیں وہ

پہلے یہ تو پتا کرے کوئی

شہر دہشت ہے یہ کہ دہشت شہر

تجزیہ تو ذرا کرے کوئی

کچھ نہ کچھ دے دیا کرو جب بھی

آنکھ ٹیڑھی کیا کرے کوئی

کہہ رہا ہوں مذاق میں سب کچھ

کچھ تو سمجھے خدا کرے کوئی

ان پہ خود عاشق ہے ناصح اور ہمیں سمجھائے ہے (غزل)

ان پہ خود عاشق ہے ناصح اور ہمیں سمجھائے ہے

بس یہی باتیں ہیں جن سے آگ سی لگ جائے ہے

پاؤں کیوں پٹخے ہے اتنے کیوں مجھے دہلائے ہے

کون ہے جو میری جانب سے تجھے بھڑکائے ہے

چیٹ کی ونڈو میں وہ سب سے کرے ہے گفتگو

ہم جب آویں ہیں دریچہ چھوڑ کر ہٹ جائے ہے

بات بے بات اس کو کچھ چڑنے کی عادت سی بھی ہے

کچھ چڑانے میں اسے ہم کو مزہ بھی آئے ہے

دشمن جانی ہے وہ یہ میں بھی جانوں ہوں مگر

جب نظر آوے ہے ظالم اک غزل ہو جائے ہے

چپ رہے ہے دیکھ کر وہ اضطراب دل مرا

مسکرا دیوے ہے بس سو دل بھی دھوکا کھائے ہے

اک نظر لے تو بھی ناصح دیکھ لے تصویر یار

پھر ذرا دیکھوں تجھے بھی کس طرح چین آئے ہے

کیجیے اقرار الفت دیکھ کر ضامنؔ کا حال

اک دفعہ ہاں کہہ دیا تھا آج تک پچھتائے ہے

مزید غزلیں از ضامن جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں