پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ضرر وصفی کی غزلیں — Zarar Wasfi Ghazals

ضرر وصفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو بات کام کی ہے ہنس کے ٹال دیتا ہے (غزل)

جو بات کام کی ہے ہنس کے ٹال دیتا ہے

فضول بات کو اکثر اچھال دیتا ہے

طلوع غروب عروج و زوال دیتا ہے

کسی کو تمغہ کسی کو وہ شال دیتا ہے

تغیرات کے سانچوں میں ڈھال دیتا ہے

خوشی کلی کو تو گل کو ملال دیتا ہے

وہ چار سمت کا دریا بہا کے عالم میں

کسی کو غرب کسی کو شمال دیتا ہے

مچھیرا کتنی فراست سے جال کو اپنی

اٹھا کے گہرے سمندر میں ڈال دیتا ہے

ہر ایک کام کو وہ میرے رائیگاں لکھ کر

پہاڑ کھود کے چوہا نکال دیتا ہے

کبھی کبھی مجھے لمس وصال دے کے ضررؔ

مرے وجود کو برسوں اجال دیتا ہے

آپ کی شعلہ صفت ذات کی یاد آتی ہے (غزل)

آپ کی شعلہ صفت ذات کی یاد آتی ہے

گرمیٔ قرب کی ہر بات کی یاد آتی ہے

اپنے بپھرے ہوئے جذبات کی یاد آتی ہے

ایک آسیب کو کھنڈرات کی یاد آتی ہے

ان سے راتوں میں ملاقات کی یاد آتی ہے

شہر میں گاؤں کے باغات کی یاد آتی ہے

جب کسی ہجر زدہ رات کی یاد آتی ہے

دل پہ گزرے ہوئے صدمات کی یاد آتی ہے

میں سرائے کا مسافر تھا چلا بھی آیا

پر ترے ساتھ کے لمحات کی یاد آتی ہے

جب بھی وہ گنبد و مینار نظر آتے ہیں

سبز پوشاک کے سادات کی یاد آتی ہے

گیت رخصت کے المناک صدائیں وصفیؔ

گشت کرتی ہوئی بارات کی یاد آتی ہے

مزید غزلیں از ضرر وصفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں