ضمیر الدین ساجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہمارا پیار دکھاوے کا پیار تھوڑی ہے (غزل)
ہمارا پیار دکھاوے کا پیار تھوڑی ہے
خلوص دل ہے کوئی اشتہار تھوڑی ہے
یہ بادشاہوں سا لہجہ بدل مرے بھائی
کہ اب یہاں پہ ترا اقتدار تھوڑی ہے
غریب شہر تونگر سے کہہ رہا تھا کہ تو
امیر شہر ہے پروردگار تھوڑی ہے
مرے پھٹے ہوئے دامن پہ ہنسنے والے سن
یہ تار تار سہی داغدار تھوڑی ہے
یزیدیت میں ندامت ہے فتح پا کر بھی
حسینیت کی شہادت میں بار تھوڑی ہے
ہزار جان لٹاؤں وطن پہ میں ساجدؔ
وفا شعاروں میں میرا شمار تھوڑی ہے
وصل مشکل ہی سہی دیدار ہونا چاہئے (غزل)
وصل مشکل ہی سہی دیدار ہونا چاہئے
کانچ کا اک روزن دیوار ہونا چاہیے
ہو چکی حد فیصلہ اک بار ہونا چاہئے
یہ تماشا اب سر بازار ہونا چاہئے
ظرف ہونا چاہئے معیار ہونا چاہئے
آدمی کو صاحب کردار ہونا چاہئے
لطف منزل پہ پہنچنے کا یقیناً آئے گا
شرط یہ ہے راستہ دشوار ہونا چاہئے
ڈوبتی ہو نبض لیکن ہوش کی باتیں کرے
آدمی کو اس طرح بیمار ہونا چاہئے
بیچ کر ایمان دنیا کی خریداری ہوئی
شہر بھر میں آپ کا ستکار ہونا چاہئے
ہے بہت آسان تقسیم وراثت دوستو
بھائیوں میں جذبۂ ایثار ہونا چاہئے
کچھ اشارہ بھی کنایہ بھی ہو کچھ تمثیل بھی
کچھ غزل کے شعر کو تہہ دار ہونا چاہئے
ناقدان فن کا استقبال ہے ساجدؔ مگر
ناقدوں کو غیر جانب دار ہونا چاہئے