ضمیر یوسف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بزرگوں کی نصیحت یاد رکھنا (غزل)
بزرگوں کی نصیحت یاد رکھنا
غموں میں گھر کے بھی دل شاد رکھنا
مرا دل ہے ہزاروں غم کا مسکن
خدا اس گھر کو تو آباد رکھنا
جہاں پتھر کا ہوتا جا رہا ہے
ہے جینا تو جگر فولاد رکھنا
مری تخلیق اول نقد ثانی
یہ نکتہ روبرو نقاد رکھنا
اگرچہ یہ زمانہ تنگ دل ہے
ہمیشہ ذہن و دل آزاد رکھنا
یہ دنیا احتجاجی ہو گئی ہے
نہ اپنے لب پہ تم فریاد رکھنا
ضمیرؔ اپنی بدولت چل رہا ہے
مبارک آپ کو استاد رکھنا
غم دیتے ہیں سب کوئی بھی غم خوار نہیں ہے (غزل)
غم دیتے ہیں سب کوئی بھی غم خوار نہیں ہے
یہ شہر کسی کا بھی وفادار نہیں ہے
کیوں ہو گئے مغموم ہمیں دیکھ کے احباب
چہرہ ہے ہمارا کوئی اخبار نہیں ہے
ملتا ہے جو اخلاص سے سر اپنا جھکا کر
ایسا نہ سمجھنا کہ وہ خوددار نہیں ہے
یہ بات پڑوسی کو اب اچھی نہیں لگتی
آنگن میں ہمارے کوئی دیوار نہیں ہے
اس طرح مجھے چشم حقارت سے نہ دیکھو
ہے کون جو دنیا میں گنہ گار نہیں ہے
اب اور قیامت کسے کہتے ہیں بتاؤ
بھائی کو بھی بھائی سے سروکار نہیں ہے
کہہ دیتا ہے ہر بات کھری منہ پہ ہمیشہ
آئینہ کسی کا بھی طرف دار نہیں ہے
ہر شخص اندھیروں کی حمایت میں ہے مصروف
اب کوئی اجالوں کا طرف دار نہیں ہے
جھوٹوں کے طرف دار ضمیرؔ آج سبھی ہیں
سچ کہنے کو اب کوئی بھی تیار نہیں ہے