پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ضمیر اظہر کی غزلیں — Zameer Azhar Ghazals

ضمیر اظہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کا موسم زرد ہو تو کچھ بھلا لگتا نہیں (غزل)

دل کا موسم زرد ہو تو کچھ بھلا لگتا نہیں

کوئی منظر کوئی چہرہ خوش نما لگتا نہیں

دھندلے دھندلے اجنبی سے لوگ آتے ہیں نظر

مدتوں کا آشنا بھی آشنا لگتا نہیں

سخت مشکل ہو گیا ہے امتیاز خوب و زشت

پھول سی پوشاک میں بد خو برا لگتا نہیں

لوٹ کر آتے نہیں کیوں آشیانوں کی طرف

بھولے بھالے پنچھیوں کا کچھ پتا لگتا نہیں

یاسیت جب پھیل جائے مطلع افکار پر

راستہ کوئی بھی اپنا راستہ لگتا نہیں

التجا کی ٹہنیاں ہوتی نہیں ہیں کیوں ہری

کیوں ثمر میری دعا میں اے خدا لگتا نہیں

آ گیا پھر بہار کا موسم (غزل)

آ گیا پھر بہار کا موسم

حسن کے کاروبار کا موسم

کس ادا سے سنور کے آیا ہے

رنگ لیل و نہار کا موسم

اہل دل کے لیے پلٹ آیا

فرصت انتظار کا موسم

خود بخود پھول بے حجاب ہوئے

جوش میں ہے نکھار کا موسم

اب کھلے گا بھرم وفاؤں کا

رنگ لائے گا پیار کا موسم

کیوں نہ ہو ذکر گل رخاں اظہرؔ

اوج پر ہے بہار کا موسم

نیا سال آیا (نظم)

نیا سال آیا

کوئی بھی نہ تحفہ ہمارے لئے حسب معمول لایا

خدا جانے کب تک

ہم ان دشت ہاتھوں میں کشکول امید تھامے

بشارت کی خیرات پانے کی خاطر

صف صبر میں ایستادہ رہیں گے