ضمیر درویش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
باہر تو خوش گوار دسمبر کی دھوپ ہے (غزل)
باہر تو خوش گوار دسمبر کی دھوپ ہے
ہم جس میں جل رہے ہیں وہ اندر کی دھوپ ہے
کیا دھوپ کے غضب سے ڈراؤگے تم مجھے
ہر چلچلاتی دھوپ مرے گھر کی دھوپ ہے
اس سے تو زلف بھی نہ بچا پائے گی تری
اے مہرباں یہ میرے مقدر کی دھوپ ہے
گرتی ہے مجھ پہ آ کے کسی تیغ کی طرح
خود کو بچا کے رکھ یہ مرے سر کی دھوپ ہے
تیری حسین شام کو جھلسا نہ دے کہیں
مجھ بے نوا کے ساتھ جو دن بھر کی دھوپ ہے
مایوس لوٹ جائے گی درویشؔ کی طرح
کمرے میں جھانکتی ہوئی باہر کی دھوپ ہے
عجیب صدی تھی کہ زیر و زبر جہان ہوا (غزل)
عجیب صدی تھی کہ زیر و زبر جہان ہوا
نظر کے سامنے منظر لہولہان ہوا
بہت تھیں جس کی مسافر نوازیاں مشہور
وہ میرا شہر مرے حق میں بے امان ہوا
ہر اوج دیکھتے ہی دیکھتے ہوئی پستی
ہر ایک ذرۂ ناچیز آسمان ہوا
جو چلتے وقت تھا پیروں کے واسطے چٹان
پلٹتے وقت وہی راستہ ڈھلان ہوا
تمام عمر لٹایا خلوص دل جس پر
نصیب ہے کہ وہی شخص بد گمان ہوا
عجیب عہد میں پائی تھی زندگی میں نے
ہر ایک ظلم مرے سامنے جوان ہوا
کیا گیا مجھے درویشؔ اس طرح تقسیم
نہ ایک جسم ہوا پھر نہ ایک جان ہوا