ضمیر اترولوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
راحتوں کے دھوکے میں اضطراب ڈھونڈے ہیں (غزل)
راحتوں کے دھوکے میں اضطراب ڈھونڈے ہیں
ہم نے اپنی خاطر ہی خود عذاب ڈھونڈے ہیں
یہ تو اس کی عادت ہے روز گل مسلتا ہے
آج بھی مسلنے کو کچھ گلاب ڈھونڈے ہیں
رات آندھی آنے پر اڑ گئے تھے خیمے سب
غافلوں نے مشکل سے کچھ طناب ڈھونڈے ہیں
تیری حکمرانی بھی ختم ہونے والی ہے
ہم نے کچھ کتابوں میں انقلاب ڈھونڈے ہیں
میرے کچھ سوالوں کے تم نے ایک مدت میں
مسئلوں سے ہٹ کر ہی کیوں جواب ڈھونڈے ہیں
کالے کارنامے اور کالا منہ چھپانے کو
کچھ سفید پوشوں نے کچھ نقاب ڈھونڈے ہیں
دیکھیے ضمیرؔ ہم بھی ہیں عجب ہی دیوانے
چھوڑ کر حقیقت کو ہم جواب ڈھونڈے ہیں
یہ کیسا کام اے دست مسیح کر ڈالا (غزل)
یہ کیسا کام اے دست مسیح کر ڈالا
جو دل کا زخم تھا وہ ہی صحیح کر ڈالا
شب سیاہ کا چہرہ اداس دیکھا تو
نکل کے چاند نے اس کو ملیح کر ڈالا
ذرا سا جھانک کے تاریکیوں سے سورج نے
ملیح چہرۂ شب کو صبیح کر ڈالا
میں کیسے عقل کا پیکر سمجھ لوں انساں کو
خود اپنی زیست کو جس نے قبیح کر ڈالا
کل اس نے چھیڑ کے محفل میں تذکرہ میرا
ہر ایک عیب و ہنر کو صریح کر ڈالا
تمہاری داستاں الجھی ہوئی تھی وہموں میں
دعائیں دو ہمیں ہم نے فصیح کر ڈالا