پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ضمیر احمد ضمیر کی غزلیں — Zameer Ahmad Zameer Ghazals

ضمیر احمد ضمیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لیجئے اب راز دل افشا ہوا (غزل)

لیجئے اب راز دل افشا ہوا

ہر طرف باتیں ہوئیں چرچا ہوا

مجھ پہ بھی طاری تھی جیسے بے خودی

وہ بھی تھا جیسے کہیں کھویا ہوا

تیرے بن جینا کسے منظور تھا

زندگی سے ایک سمجھوتہ ہوا

خانۂ دل میں چراغ آرزو

ہے کبھی جلتا کبھی بجھتا ہوا

اس کی رنگت پر کھلے ہر اک لباس

روپ اس کا ہے عجب نکھرا ہوا

اک جوانی کیف میں ڈوبی ہوئی

اک بدن مہکا ہوا ترشا ہوا

اب تلک تازہ ہے یادوں کی مہک

آپ سے بچھڑے ہوئے عرصہ ہوا

دل جگر عقل و خرد ہوش و حواس

ایک لشکر تھا کہ جو پسپا ہوا

دل کے کعبے میں مرے اب بھی ضمیرؔ

ایک بت مدت سے ہے رکھا ہوا

جہاں چاہت ہو چلنے کی وہاں رستہ نکلتا ہے (غزل)

جہاں چاہت ہو چلنے کی وہاں رستہ نکلتا ہے

پہاڑوں کی جگر کو چیر کر دریا نکلتا ہے

کوئی طاقت کہاں جوش نمو کو روک سکتی ہے

زمیں کی کوکھ پھٹتی ہے نیا پودا نکلتا ہے

بہت نزدیک سے دیکھے ہیں دنیا میں کئی چہرے

گراں قیمت جو لگتا ہے بہت سستا نکلتا ہے

ضمیرؔ سرکش و آشفتہ سر پہ جانے کیا گزری

اصولوں سے وہ کر کے آج سمجھوتا نکلتا ہے

مزید غزلیں از ضمیر احمد ضمیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں