ضمیر احمد خاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہندو مسلم کے لئے کوئی سزا کیوں مانگوں (غزل)
ہندو مسلم کے لئے کوئی سزا کیوں مانگوں
ظلم انسان پہ ہو ایسی دعا کیوں مانگوں
لاکھ مجبور سہی پھر بھی کروں گا نہ سوال
مانگنا جن سے گنہ ہے تو بھلا کیوں مانگوں
ذکر کرتا ہوں گناہوں کی تلافی کے لئے
ہوش رکھتا ہوں بھلا کوئی خطا کیوں مانگوں
میری تقدیر میں پاکیزہ ہوا ہے شامل
ہر کسی پیڑ سے لپٹے وہ ہوا کیوں مانگوں
جب کہ طوفان میں چلتی ہے ہماری کشتی
ٹوٹے دل کی کوئی ہلکی سی صدا کیوں مانگوں
گھر بلاتا ہے مجھے پھر کوئی مغرور ضمیرؔ
مجھ کو جانا ہی نہیں ہے تو پتہ کیوں مانگوں
پہلے دل میں جمال پیدا کر (غزل)
پہلے دل میں جمال پیدا کر
آپ اپنی مثال پیدا کر
چھوڑ تنقید غیر پر کرنا
اپنے فن میں کمال پیدا کر
راہ روشن نہ دیکھ اوروں کی
اپنے گھر سے اجال پیدا کر
جس سے سرشار ہو ادب اپنا
نغمۂ لا زوال پیدا کر
راہ جنت جو تیرے دل میں ہے
سب کے دل میں خیال پیدا کر
تجھ پر آفت نہ کوئی آئے گی
روزی اپنی حلال پیدا کر
تجھ کو کرنا ہے لا جواب ضمیرؔ
ایسا دل میں سوال پیدا کر