زمان کنجاہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود اپنی سوچ کے پنچھی نہ اپنے بس میں رہے (غزل)
خود اپنی سوچ کے پنچھی نہ اپنے بس میں رہے
کھلی فضا کی تمنا تھی اور قفس میں رہے
بچھڑ کے مجھ سے عذاب ان پہ بھی بہت گزرے
وہ مطمئن نہ کسی پل کسی برس میں رہے
میں ایک عمر سے ان کو تلاش کرتا ہوں
کچھ ایسے لمحے تھے جو اپنی دسترس میں رہے
لہو کا ذائقہ کڑوا سا لگ رہا ہے مجھے
میں چاہتا ہوں کہ کچھ تو مٹھاس رس میں رہے
کسی کا قرب مرے دل کی روشنی ٹھہرے
کسی کے آنے سے خوشبو مرے نفس میں رہے
سنا ہے اس کی گزرتی ہے تازہ پھولوں میں
زمانؔ جس کے لیے شہر خار و خس میں رہے
میں رتجگوں کے مکمل عذاب دیکھوں گا (غزل)
میں رتجگوں کے مکمل عذاب دیکھوں گا
کسی نے جو نہیں دیکھے وہ خواب دیکھوں گا
وہ وقت آئے گا میری حیات میں جب میں
محبتوں کے چمن میں گلاب دیکھوں گا
گھرا ہوا ہوں اندھیروں میں غم نہیں مجھ کو
شب سیاہ کے بعد آفتاب دیکھوں گا
چلیں گے تیز بہت تیری یاد کے جھونکے
میں اپنی آنکھ میں جب سیل آب دیکھوں گا
میں نقطہ نقطہ اتر کر تری نگاہوں میں
ورق ورق ترے دل کی کتاب دیکھوں گا
اداسیوں کے سوا کچھ نہیں ملے گا مجھے
زمانؔ جب بھی محبت کا باب دیکھوں گا