ذکیہ سلطانہ نیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ان کو پھر بے نقاب کون کرے (غزل)
ان کو پھر بے نقاب کون کرے
دل کی دنیا خراب کون کرے
شوق اظہار آرزو ہی نہیں
داغ غم کا حساب کون کرے
نگہ انتخاب شاہد ہے
ہمت انتخاب کون کرے
بزم میں وہ تو منتظر ہیں مرے
بزم میں باریاب کون کرے
دیکھتے ہیں وہ مست نظروں سے
یاد جام شراب کون کرے
تاب گفتار ہی نہیں باقی
شکوۂ اضطراب کون کرے
دل ہے ناکام آرزو نیرؔ
اب اسے کامیاب کون کرے
عشق نہیں جو زیست کو دولت آگہی نہ دے (غزل)
عشق نہیں جو زیست کو دولت آگہی نہ دے
مہر نہیں جو خاک کو خلعت روشنی نہ دے
بادہ نہیں وہ ساقیا جو نئی سر خوشی نہ دے
عشرت زندگی نہ دے نشۂ آگہی نہ دے
جام خودی دے ساقیا ساغر بے خودی نہ دے
بادۂ ہوش دے مجھے داروئے بے ہشی نہ دے
آمد نو بہار کی دعوت سر خوشی نہ دے
باد نسیم ہی وہ کیا جو نئی تازگی نہ دے
دونوں جہاں کا بار غم کس سے اٹھے گا اے خدا
یا غم زندگی نہ دے یا غم عاشقی نہ دے
میں نے خدا سے پہلے دن رکھی تھی شرط زندگی
یا مجھے زندگی ہی دے یا مجھے زندگی نہ دے
رہ رو راہ زندگی وقت سے تیز چال چل
راہبروں کو راہ میں فرصت رہزنی نہ دے
حرف ہے لغزش قلم حرف ہے خط نارسا
حرف جو روشنی نہ دے لفظ جو آگہی نہ دے
دل خواص ہے روح عوام ہے اردو (نظم)
دل خواص ہے روح عوام ہے اردو
زباں نہیں ہے مکمل نظام ہے اردو
ہر اک مقام ہے دار الخلافۂ اردو
اور اس پہ لطف یہ ہے بے مقام ہے اردو
کمال حسن و فصاحت جمال نطق و بیاں
یہ مقتدی ہیں اور ان کی امام ہے اردو
غزل سرا ہے زمانہ حیات نغمہ کناں
وظیفۂ سحر و روز و شام ہے اردو
ہمارے شمس و قمر اس سے نور پاتے ہیں
سحر کی جوت تجلیٔ شام ہے اردو
ندیمؔ چاند پہ بھی خاک پڑ سکی ہے کبھی
سپہر عصر پہ ماہ تمام ہے اردو
ہے تلخ کامیٔ دشمن میں بھی اسی کا سرور
کوئی بتاؤ کہ کس جا حرام ہے اردو