پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذاکر محب کی غزلیں — Zakir Muhib Ghazals

ذاکر محب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گردش جام بھی ہے گردش ایام کے ساتھ (غزل)

گردش جام بھی ہے گردش ایام کے ساتھ

زندگی رقص میں ہے ساقیٔ گلفام کے ساتھ

اے مری عشرت رفتہ کی سنہری تاریخ

میں نے دیکھا ہے تجھے گردش ایام کے ساتھ

حسرت دید تو نکلے کسی صورت قاصد

میری آنکھوں کو بھی لے جا مرے پیغام کے ساتھ

وہ مرا قصۂ غم سننے سے پہلے بولے

دیکھ آئے نہ مرا نام ترے نام کے ساتھ

دست ساقی میں وہ جام آیا وہ سورج ابھرا

اک نئی صبح نظر آئی نئی شام کے ساتھ

کھل کے گیسو رخ جاناں پہ جو لہرانے لگے

روشنی صبح کی ٹکرانے لگی شام کے ساتھ

نام لیوا بھی تو ہوگا نہ کوئی بعد محبؔ

ختم ہے تیرا فسانہ مرے انجام کے بعد

وہ نہیں ان کی نگاہوں کا اشارا تو ملا (غزل)

وہ نہیں ان کی نگاہوں کا اشارا تو ملا

خوش ہو اے دل تجھے جینے کا سہارا تو ملا

اور کیا چاہئے اے دل غم جاناں کے طفیل

کہکشاں آہ کو پلکوں کو ستارا تو ملا

شکریہ مجھ کو نگاہوں سے گرانے والے

گرتے گرتے تری بانہوں کا سہارا تو ملا

ناخدا سے نہ سہی نام خدا سے اے دوست

میری ٹوٹی ہوئی کشتی کو سہارا تو ملا

آپ ان آنکھوں کی ندیوں کو ملے گا سنگم

اپنے دامن پہ ذرا دھارے سے دھارا تو ملا

طور کے برق تجلی نے کیا خاک مگر

نگہ شوق کو ہلکا سا اشارا تو ملا

بے رخی ان کی گراں لاکھ سہی پھر بھی محبؔ

دل کو طاقت تو ملی ضبط کو یارا تو ملا

مزید غزلیں از ذاکر محب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں