پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذاکر خان ذاکر کی غزلیں — Zakir Khan Zakir Ghazals

ذاکر خان ذاکر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درد کو ضبط کی سرحد سے گزر جانے دو (غزل)

درد کو ضبط کی سرحد سے گزر جانے دو

اب سمیٹو نہ ہمیں اور بکھر جانے دو

ہم سے ہوگا نہ کبھی اپنی خودی کا سودا

ہم اگر دل سے اترتے ہیں اتر جانے دو

تم تعین نہ کرو اپنی حدوں کا ہرگز

جب بھی جیسے بھی جہاں جائے نظر جانے دو

اتنا کافی ہے کہ وہ ساتھ نہیں ہے میرے

کیوں ہوا کیسے ہوا چاک جگر جانے دو

دل جلاؤ کہ تخیل کا جہاں روشن ہو

تیرگی ختم کرو رات سنور جانے دو

عشق ثانی ہے تو پھر اس میں شکایت کیسی

ہم نہ کہتے تھے کہ اک زخم ہے بھر جانے دو

یار معمول پہ لوٹ آئیں گے کچھ صبر کرو

اس فسوں گر کی نگاہوں کا اثر جانے دو

شرط جینا ہے بھٹکنا تو بہانہ ہے فقط

وہ جدھر جاتا ہے ہر شام و سحر جانے دو

میں نے روکا تھا اسے اس کا حوالہ دے کر

روٹھ کر پھر بھی وہ جاتا ہے اگر جانے دو

خوش گماں ہے وہ بہت جیت پہ اپنی ذاکرؔ

ہم بھی چل سکتے تھے اک چال مگر جانے دو

زندگی یوں بھی کبھی مجھ کو سزا دیتی ہے (غزل)

زندگی یوں بھی کبھی مجھ کو سزا دیتی ہے

ایک تصویر کتابوں سے گرا دیتی ہے

آپ اچھے ہیں برے ہیں کہ فقط بار حیات

فیصلہ خلق خدا خود ہی سنا دیتی ہے

کتنے نادیدہ مناظر سے اٹھاتی ہے نقاب

رات آتی ہے تو خوابوں کو جگا دیتی ہے

اب بھی محراب تمنا میں کسک ماضی کی

شام ہوتے ہی کوئی شمع جلا دیتی ہے

عشق ہے روگ ہی ایسا کہ نہیں اس کا علاج

آتش دل کو دوا اور بڑھا دیتی ہے

سینۂ سنگ میں پوشیدہ صدائے فرہاد

ایک اک ضرب پہ شیریں کا پتہ دیتی ہے

جس کی آغوش میں ہم روز ملا کرتے تھے

اب وہی شام ہر ایک شام صدا دیتی ہے

میں کہاں اور کہاں شعر و سخن ہے ذاکرؔ

کوئی طاقت ہے جو لفظوں کو جلا دیتی ہے

مزید غزلیں از ذاکر خان ذاکر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں