ذاکر حسین حسینی ذاکر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ دل نہیں ہے جس میں تری آرزو نہ ہو (غزل)
وہ دل نہیں ہے جس میں تری آرزو نہ ہو
وہ گل نہیں نصیب جسے رنگ و بو نہ ہو
دل جیتنے کو یار کا جاتا ہے بزم میں
کوشش میں کامیاب خدایا عدو نہ ہو
آتا نہیں ہے شعر مرے ذہن میں کوئی
جب تک کہ وہ حسین مرے روبرو نہ ہو
دنیا پہ دل کی بات نہ کھل جائے اس لئے
نظروں سے ہو زباں سے اگر گفتگو نہ ہو
باقی شب فراق ہے دل ہو گیا تہی
پھر آنکھ کیسے روئے جو دل میں لہو نہ ہو
اے رب ہمارے دل میں بھی آ کر قیام کر
اوقات اس کی کیا ہے کہ جس دل میں تو نہ ہو
ذاکرؔ عمل سے بنتے ہیں انسان ذی وقار
زندہ نہیں وہ لوگ جنہیں جستجو نہ ہو
پیار کا حق ادا کرے کوئی (غزل)
پیار کا حق ادا کرے کوئی
نہ کسی سے دغا کرے کوئی
بھائی کو بھائی سے محبت ہو
اور نہ بچھڑے خدا کرے کوئی
اپنا ہی نفع دیکھتے ہیں سب
سب کے حق میں دعا کرے کوئی
اس کے غم کا علاج کر دینا
تم سے جو التجا کرے کوئی
اپنے غم میں ہے مبتلا دنیا
آج کس کا بھلا کرے کوئی
بھر گئے ذہن سب کثافت سے
دل کو کیا آئنہ کرے کوئی
زخم بھرتے نہیں مرے ذاکرؔ
تو مسیحا ہوا کرے کوئی