پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذاکر حسین ہلسنگی کی غزلیں — Zakir Husain Halsangi Ghazals

ذاکر حسین ہلسنگی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نبھانا گر ہوا مشکل مراسم توڑنا اچھا (غزل)

نبھانا گر ہوا مشکل مراسم توڑنا اچھا

بہانے چل نہیں سکتے وہاں سچ بولنا اچھا

امید قتل کر کے یوں تمہیں کیا مل گیا آخر

کبھی احساس کو تھوڑا جگا کر سوچنا اچھا

شکایت کچھ نہیں مجھ کو سبھی خوشیاں تمہاری ہیں

مرے حصے کے سارے درد مجھ کو سونپنا اچھا

پہنچ کر منزلوں پر بھی اگر حاصل نہیں کچھ بھی

سمجھ میں یہ جو آ جائے سفر کو روکنا اچھا

اڑانوں کی مشقت سے ذرا پہلے سنو ذاکرؔ

بلندی ناپ کر ہی تو پروں کو کھولنا اچھا

جو چند سانسیں سکوں کی یہاں کمایا ہوں (غزل)

جو چند سانسیں سکوں کی یہاں کمایا ہوں

یہ خواہشات کی کشتی جلا کے پایا ہوں

کہ جس کے پیر سے کانٹے نکالے تھے میں نے

اسی کے تیروں سے چھلنی میں ہو کے آیا ہوں

تری حدوں کی مجھے فکر تو کبھی نہ تھی

میں اپنی حد میں ہر اک حد تلک سمایا ہوں

فریب سود و زیاں میں کبھی نہ آنے کا

بھلا کے خود کو خودی سے اجی ملایا ہوں

میں تجھ کو کچھ بھی نہیں دے سکوں گا اے ذاکرؔ

میں اپنے آپ میں اپنا ہی تو بقایا ہوں

مزید غزلیں از ذاکر حسین ہلسنگی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں