پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذکاء الدین شایاں کی غزلیں — Zakauddin Shayan Ghazals

ذکاء الدین شایاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ابھرتا چاند سیہ رات کے پروں میں تھا (غزل)

ابھرتا چاند سیہ رات کے پروں میں تھا

کوئی تو چہرہ مرے درد کے گھروں میں تھا

وہ عکس جسم جو خوابوں میں ہو گیا تحلیل

کبھی ان آنکھوں کے سمٹے ہوئے دروں میں تھا

خنک ہواؤں کے زانوں پہ سوچے ہیں وہ

تری وفاؤں کا کچھ درد جن سروں میں تھا

گزشتہ رات کی آندھی بھی آ کے دیکھ گئی

اٹل سکوت غموں کے سمندروں میں تھا

یہ دن کا داغ جو راتوں کو منہ چھپاتا ہے

کبھی یہی تو سحر کے پیمبروں میں تھا

سیہ بستر پڑے ہیں صبح نظارہ اتر آئے (غزل)

سیہ بستر پڑے ہیں صبح نظارہ اتر آئے

کہ شب کو زینہ زینہ کوئی مہ پارہ اتر آئے

سوار غم رواں ہیں کھول دو عشرت کدوں کے در

خبر کیا کون اندھیرے کا تھکا ہارا اتر آئے

عجب ڈر ہے مٹیلی وادیاں اوپر کو تکتی ہیں

کسی طوفان کی صورت نہ طیارہ اتر آئے

دمک اٹھے مری صبحوں میں وہ ہنستا ہوا چہرہ

مری راتوں میں ان آنکھوں کا غم سارا اتر آئے

حقیقت کی شرر انگیزیوں میں گفتگو اس کی

زباں کھولوں تو جیسے لب پہ انگارہ اتر آئے

درخشاں بازوؤں کی حلقہ حلقہ سرخ سی موجیں

ہمارے خون سے شعلوں کا فوارہ اتر آئے

تماشے بحر کی سطحوں پہ موجوں کے بھی کیا کم ہیں

کہ اوپر سے ہواؤں کی اداکارہ اتر آئے

مزید غزلیں از ذکاء الدین شایاں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں