پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زکریا شاذ کی غزلیں — Zakariya Shaz Ghazals

زکریا شاذ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم تجھ سے کوئی بات بھی کرنے کے نہیں تھے (غزل)

ہم تجھ سے کوئی بات بھی کرنے کے نہیں تھے

امکان بھی حالات سنورنے کے نہیں تھے

بھر ڈالا انہیں بھی مری بے دار نظر نے

جو زخم کسی طور بھی بھرنے کے نہیں تھے

اے زیست ادھر دیکھ کہ ہم نے تری خاطر

وہ دن بھی گزارے جو گزرنے کے نہیں تھے

کل رات تری یاد نے طوفاں وہ اٹھایا

آنسو تھے کہ پلکوں پہ ٹھہرنے کے نہیں تھے

ان کو بھی اتارا ہے بڑے شوق سے ہم نے

جو نقش ابھی دل میں اترنے کے نہیں تھے

اے گردش ایام ہمیں رنج بہت ہے

کچھ خواب تھے ایسے کہ بکھرنے کے نہیں تھے

اس کا خیال دل میں گھڑی دو گھڑی رہے (غزل)

اس کا خیال دل میں گھڑی دو گھڑی رہے

پھر اس کے بعد میز پہ چائے پڑی رہے

ایسا نہیں کہ ہم کریں باتیں نہ بے حساب

لیکن یہ کیا کہ کیل سی دل میں گڑی رہے

پھر گھر میں ایک آہنی پنجرہ دکھائی دے

کھڑکی میں کافی دیر جو لڑکی کھڑی رہے

بکھری ہو جیسے چاندنی برگ گلاب پر

مسکان اس کے ہونٹوں پہ ایسے پڑی رہے

دل میں خوشی کے پھوٹتے یوں ہی رہیں انار

تیری ہنسی کی یوں ہی سدا پھلجڑی رہے

کھڑکی تو شاذؔ بند میں کرتا ہوں بار بار

لیکن ہوائے شوق کہ ضد پر اڑی رہے

مزید غزلیں از زکریا شاذ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں