زین احترام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اٹھاتا کون ہے نخرے ہمارے (غزل)
اٹھاتا کون ہے نخرے ہمارے
کسے فرصت سنے قصے ہمارے
گلے ملتے اچانک رک گیا وہ
مٹیلے دیکھ کر کپڑے ہمارے
وہ ہلکے زندگی کے بوجھ سے تھے
کتابوں سے بھرے بستے ہمارے
اسے اپنی خوشی دی تھی دعا میں
اداسی آ گئی حصے ہمارے
نئے اس سال سوچا تھا ملیں گے
مگر آئے نہ دن اچھے ہمارے
یہی بہتر کہانی موڑ لیں ہم
نہی ملتے اگر رستے ہمارے
انا کی ضد کہاں تک لے گئی ہے
ذرا سی دیر کے جھگڑے ہمارے
محبت میں سدا قائم جہاں معیار رہتے ہیں (غزل)
محبت میں سدا قائم جہاں معیار رہتے ہیں
کہانی ختم ہو جائے مگر کردار رہتے ہیں
تمہارا ساتھ ملنے سے مجھے بھی مل گئی شہرت
یہ پھولوں کی نوازش ہے معطر خار رہتے ہیں
مسافر جاگتے رہنا یہ بستی ہے لٹیروں کی
یہاں رہبر کی وردی میں چھپے اغیار رہتے ہیں
غلط فہمی کراتی ہے دلوں میں دوریاں پیدا
جنہیں کل تک محبت تھی وہی بیزار رہتے ہیں
لگائے دل پہ جو مرہم وہ ڈھونڈے سے نہیں ملتا
نمک زخموں پہ ملنے کو یہاں دو چار رہتے ہیں
نہ قیمت کم زیادہ ہے نہ ٹوٹے ہیں کہیں سے ہم
مگر پھر بھی نہیں بکتے سر بازار رہتے ہیں
یہ کیسا دور آیا زینؔ دنیا میں صحافت کی
تعصب کی سیاہی سے بھرے اخبار رہتے ہیں