زین علی آصف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یوں برملا یہ اشک بہانا فضول ہے (غزل)
یوں برملا یہ اشک بہانا فضول ہے
زخم جگر کسی کو دکھانا فضول ہے
ہو دل میں زہر ہاتھ ملانا فضول ہے
آندھی کی زد میں دیپ جلانا فضول ہے
بے رحم دفعتاً جو گلستاں جلا گئے
ان سے وفا کی آس لگانا فضول ہے
جو دشت کے غبار میں گم صم رہے انہیں
قصہ سمندروں کا سنانا فضول ہے
درویش نے معاملہ چہرے سے پڑھ لیا
یہ بات کا گھمانا چھپانا فضول ہے
کچھ جیب گرم ہو تبھی جا کے منائیے
ان کو محبتوں سے منانا فضول ہے
یہ آج کس کو مانگ رہے ہیں دعاؤں میں
کل کہہ رہے تھے دل کا لگانا فضول ہے
جس پر کھلا نہیں ہے مرے دل کا حال زینؔ
اس کے لیے لہو کا جلانا فضول ہے
خار چھونے سے بھی ہاتھوں میں اتر جائے گا (غزل)
خار چھونے سے بھی ہاتھوں میں اتر جائے گا
مسئلہ پھول کا ہے پھول کدھر جائے گا
یہ بتا ساتھ مرے رخت سفر باندھے گا
یا کہ منزل کے تصور سے ہی ڈر جائے گا
اے مرے دل یہ نگر تو ہے جفا کاروں کا
جرم کوئی بھی کرے گا ترے سر جائے گا
دل دکھانے کی شرارت نہ کبھی کرنا تم
سات پشتوں میں شرارت کا اثر جائے گا
دل لگی یاد طلب ہجر الم سب ہوں گے
عشق کو چھونے تلک جاں سے گزر جائے گا
گر وہ اقرار سے اک بار مکر جائیں گے
زینؔ امید لیے بار دگر جائے گا