پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زین عباس کی غزلیں — Zain Abbas Ghazals

زین عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بتا کیا کرے گا قیامت کے بعد (غزل)

بتا کیا کرے گا قیامت کے بعد

سدا کیا کرے گا قیامت کے بعد

ابھی تو تماشے میں مشغول ہے

خدا کیا کرے گا قیامت کے بعد

مرے سکے تو میری دنیا کے ہیں

چلا کیا کرے گا قیامت کے بعد

فنا کرنے پر خوش ہے کیوں مولوی

یہ کیا کیا کرے گا قیامت کے بعد

یہ دنیا اگر ختم ہو جائے گی

جلا کیا کرے گا قیامت کے بعد

بتا زین چارہ گری کے سوا

ادا کیا کرے گا قیامت کے بعد

یہ سانسوں کے چلنے کو کیوں زندگی کی علامت کہا ہے (نظم)

یہ سانسوں کے چلنے کو کیوں زندگی کی علامت کہا ہے

یہ سانسیں تو مفلس کی بھی چل رہی ہیں

غریبی کے شعلے نگلنا

اور اس سانس کی خستہ رسی پہ چلنا

اگر میری کوئی کرامت نہیں ہے

تو میں سالہا سال سے ایک کرتب کیے جا رہا ہوں

یہ سب ایک سرکس ہے اور کچھ نہیں ہے

کہ جس میں فقط میں غریبی کے شعلے نگلتا ہوا سانس کی خستہ رسی پہ چلتا ہوا اک تماشا بنا ہوں

جسے دیکھ کر زندگی سیٹیاں اب بجانے لگی ہے

ازل سے یہ دستور قائم ہوا ہے

کہ مفلس کی اولاد بھی مفلسی کاٹتی ہے

چلو اب یہ دستور ہی توڑ ڈالیں

وہ یوں بڑبڑایا

تو پھر اس نے خنجر سے اپنے غریبی کے اکلوتے وارث کی سانسوں کی رسی کو ہی کاٹ ڈالا

وہ خوش تھا

کہ اب اس کا لخت جگر

مفلسی کی اذیت سے آزاد یوں ہو گیا ہے

کہ جیسے کسی قید سے کوئی پنچھی

تو فاقے کے دھاگوں میں الجھے بدن کی اچانک سے آنکھوں کے پردے ہٹے

اور وہ عالم خواب سے جاگ اٹھا

تو اس کی نگاہوں نے اپنے غریبی کے اکلوتے وارث کو دیکھا

تو رونے لگا وہ

کہ اس کی طرح اس کی غربت کا وارث غریبی کے شعلے نگلتا ہوا سانس کی خستہ رسی پہ چلنے لگا ہے

وہ بھی ایک سرکس کا جوکر بنا ہے

جسے دیکھ کر زندگی سیٹیاں پھر بجانے لگی ہے

مزید غزلیں از زین عباس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں