ضیغم حمیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تو بے وفا ہے ترا اعتبار کون کرے (غزل)
تو بے وفا ہے ترا اعتبار کون کرے
تمام عمر ترا انتظار کون کرے
بہت دنوں سے میں خوش فہمیٔ وصال میں ہوں
جو تو نہیں تو مجھے بے قرار کون کرے
سنائیں حال بھی دل کا اگر سنے کوئی
سنے نہ جب کوئی چیخ و پکار کون کرے
وہ آئے یا کہ نہ آئے یہ اس کی ہے مرضی
شمار گردش لیل و نہار کون کرے
جو میں بھی سب کی طرح بس ترے قصیدے لکھوں
علاج برہمئ روزگار کون کرے
اگر نصیب میں ضیغمؔ خزاں ہی لکھی ہو
تو پھر جہاں میں تلاش بہار کون کرے
گل دیکھنا تو چشم گل تر بھی دیکھنا (غزل)
گل دیکھنا تو چشم گل تر بھی دیکھنا
شبنم نے جو پروئے ہیں گوہر بھی دیکھنا
ساحل سے ہو سکے گا نہ اندازۂ سکوت
گہرے سمندروں میں اتر کر بھی دیکھنا
ہاتھوں میں لے کے پھول کھڑے ہیں جو راہ میں
تم پر وہی اٹھائیں گے پتھر بھی دیکھنا
یہ کیا کہ اپنی ذات کے اندر ہی گم رہے
اک روز اپنے آپ سے باہر بھی دیکھنا
پھیلانا چاہتے ہو اگر پاؤں تو سنو
لازم ہے تم پہ اپنی یہ چادر بھی دیکھنا
جی بھر کے جب بہار کی رت دیکھ لو تو پھر
اجڑی ہوئی رتوں کے یہ منظر بھی دیکھنا
ضیغمؔ ہزار رونق محفل بھلی سہی
تنہائی جو اٹھائے گی محشر بھی دیکھنا