پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہور چوہان کی غزلیں — Zahoor Chohan Ghazals

ظہور چوہان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چراغ شام جو روشن ہوا حویلی میں (غزل)

چراغ شام جو روشن ہوا حویلی میں

کسی کی یاد کا دفتر کھلا حویلی میں

اسی کا چہرہ مجھے ہر طرف دکھائی دیا

وہ جس کی گونج رہی تھی صدا حویلی میں

نہ تو نہ یاد تری تھی تو اتنے برسوں تک

کسے میں ڈھونڈھتا پھرتا رہا حویلی میں

کئی دنوں سے تو دیوار و در بھی ہیں خاموش

کسی کا جیسے کوئی مر گیا حویلی میں

عجیب بات ہے بنیاد رکھنے والوں کو

یہاں کوئی بھی نہیں جانتا حویلی میں

مرے بزرگوں نے ہجرت کے وقت دیکھا تھا

وہ ایک خواب کہیں کھو گیا حویلی میں

پہاڑ حوصلے والوں کا دم بھی گھٹتا تھا

مگر یہ دیکھ میں تنہا جیا حویلی میں

ادھر ادھر کے سبھی لوگ سوئے آخر کار

گزشتہ عہد مگر جاگ اٹھا حویلی میں

کسی کا عکس ہے یا کوئی خواب اترا ہے

ظہورؔ ہونے لگا ہے یہ کیا حویلی میں

اس کو ہر بات بتانے کی ضرورت نہیں ہے (غزل)

اس کو ہر بات بتانے کی ضرورت نہیں ہے

در کو دیوار بنانے کی ضرورت نہیں ہے

اب میں دریا کے کنارے پہ پہنچ سکتا ہوں

اب مری ناؤ بچانے کی ضرورت نہیں ہے

اس گھنے پیڑ پہ رہنے کا ارادہ ہی نہیں

ان پرندوں کو اڑانے کی ضرورت نہیں ہے

شکریہ آپ کی اس بندہ نوازی کو سلام

اب کسی اور بہانے کی ضرورت نہیں ہے

شاد و آباد مکینوں سے مکاں ہوتے ہیں

خالی کمروں کو سجانے کی ضرورت نہیں ہے

در و دیوار سے ہے میری شناسائی بہت

اب کسی کو یہاں آنے کی ضرورت نہیں ہے

یہ کفن میرے لئے پرچم آزادی ہے

دوستو رونے رلانے کی ضرورت نہیں ہے

ایک دنیا مرے اطراف ہے آباد ظہورؔ

گھر سے باہر مجھے جانے کی ضرورت نہیں ہے

مزید غزلیں از ظہور چوہان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں