پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہور بسوانی کی غزلیں — Zahoor Biswani Ghazals

ظہور بسوانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھود کر بنیاد کے پتھر لئے پھرتے رہے (غزل)

کھود کر بنیاد کے پتھر لئے پھرتے رہے

اپنے کاندھوں پر ہم اپنا گھر لئے پھرتے رہے

تشنگی کا المیہ کس سے بیاں کرتے وہاں

ہم سمندر میں تہی ساغر لئے پھرتے رہے

آج کے بازار میں سنگ و خذف کی مانگ ہے

لعل و گوہر لاکھ سوداگر لئے پھرتے رہے

کیا ہوئی صبح بنارس کیا ہوئی شام اودھ

ہم فقط آنکھوں میں وہ منظر لئے پھرتے رہے

آج تک دنیا میں ہم اوروں کے سائے کے لئے

اپنے سر پر دھوپ کی چادر لئے پھرتے رہے

کون دیتا ہے شہیدان وفا کا خوں بہا

اپنے ہاتھوں پر ہم اپنا سر لئے پھرتے رہے

کام کوئی بھی نہ آیا جب پڑا وقت خراب

لب پہ سب الفاظ کے دفتر لئے پھرتے رہے

پیار کا پایا ہے اس عالم میں کیا پیارا جواب

پھول ہم ہاتھوں میں وہ پتھر لئے پھرتے رہے

کھیلتی تھی مسکراہٹ جن کے ہونٹوں پر ظہورؔ

آستینوں میں وہی خنجر لئے پھرتے رہے

سکون گھر میں میسر نہ گھر کے باہر ہے (غزل)

سکون گھر میں میسر نہ گھر کے باہر ہے

یہ کس گناہ کی پاداش اب مرے سر ہے

نہ فرش گل پہ نہ کانٹوں پہ میرا بستر ہے

حقیقتاً یہ مرے اپنے حوصلے پر ہے

خدا ہی چاہے تو ساحل نصیب ہو جائے

مری نگاہ میں چاروں طرف سمندر ہے

یوں ہی نہیں کوئی آئینہ حیرتی ہوگا

مجھے یقیں ہے کوئی آئنہ کے اندر ہے

کسے دکھائیں گریباں کی دھجیاں اے دوست

کہ جس نے چاک کیا ہے وہی رفوگر ہے

غریب لوگ ہمیں کیا غرض سیاست سے

ہمارے دل میں ہے جو کچھ وہی زباں پر ہے

یہاں بھی آ کے تمہارا خلوص کام آیا

تمہارے نام کی چرچا ظہورؔ گھر گھر ہے

مزید غزلیں از ظہور بسوانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں