پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہیر احمد تاج کی غزلیں — Zahiir Ahmad Taaj Ghazals

ظہیر احمد تاج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نگاہ شوق کو رخ پر نثار ہونے دو (غزل)

نگاہ شوق کو رخ پر نثار ہونے دو

یہ رنگ لائے گی کیا کیا بہار ہونے دو

رہین جذبۂ بے اختیار ہونے دو

جو ہو رہا ہے کوئی بے قرار ہونے دو

دل حزیں کو مرے جلوہ زار ہونے دو

خزاں نصیب چمن میں بہار ہونے دو

دل فراق زدہ میں قرار ہونے دو

دم اجل تو نگاہوں کو چار ہونے دو

کرشمے دیکھنا مر مر کے جینے والوں کے

تم اپنے کوچہ میں میرا مزار ہونے دو

تم اپنے وعدوں کی ایفا کرو امید نہیں

جہاں میں حسن کو بے اعتبار ہونے دو

شب فراق میں لو چل بسا تمہارا تاجؔ

قیام حشر تک اب انتظار ہونے دو

کسی کی یاد رنگیں میں ہے یہ دل بیقرار اب تک (غزل)

کسی کی یاد رنگیں میں ہے یہ دل بیقرار اب تک

رہین شوق بے پایاں ہے چشم انتظار اب تک

انہیں اپنا بتاتا ہے انہیں اپنا سمجھتا ہے

فریب زندگی ہے یہ دل دیوانہ وار اب تک

جنہیں احساس بھی شاید نہ ہو جذبات الفت کا

یہ میرا سادہ دل ان پر ہے سو جاں سے نثار اب تک

نہیں ممکن کہ صحرا کو بھلا دوں لطف منزل میں

مرے پاؤں کے تلوے میں چبھی ہے نوک خار اب تک

مجھے آداب الفت یاد ہیں ہنگام وحشت کے

گریباں چاک ہے دامن ہے اپنا تار تار اب تک

جدا ان سے ہوا ہوں جرم اظہار محبت میں

میں اک حرف تمنا پر ہوں یارو سوگوار اب تک

چمن میں سیر گل وہ اور میں اے تاجؔ کیا دن تھے

بہاریں آئیں آنے کو نہ آئی وہ بہار اب تک

اشک دو چار بہا لوں تو چلے جائیے گا (نظم)

اشک دو چار بہا لوں تو چلے جائیے گا

آتش دل کو بجھا لوں تو چلے جائیے گا

حسرت دید مٹا لوں تو چلے جائیے گا

حسن کو دل میں بسا لوں تو چلے جائیے گا

حوصلہ غم کا بڑھا لوں تو چلے جائیے گا

مرگ کو زیست بنا لوں تو چلے جائیے گا

خاطر دوست کے عنواں کی وضاحت کر کے

اک ذرا دل کو منا لوں تو چلے جائیے گا

بے خودی خوش بسری اور مسرت کے عوض

غم دوراں کو اٹھا لوں تو چلے جائیے گا

مہر الفت کے حسیں لمحے بھلا کر اے دوست

ذوق ہستی کو مٹا لوں تو چلے جائیے گا

تلخئ وقت کا شکوہ نہ رہے آپ کے بعد

بار احسان اٹھا لوں تو چلے جائیے گا

آپ کی چشم کرم نے مجھے مدہوش کیا

اپنے احوال میں آ لوں تو چلے جائیے گا

دل جو تڑپائے مجھے دیکھنے آ جائیں آپ

جذب اس درجہ بڑھا لوں تو چلے جائیے گا

مزید غزلیں از ظہیر احمد تاج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں