زاہد الحق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
الزام بتا کون مرے سر نہیں آیا (غزل)
الزام بتا کون مرے سر نہیں آیا
حصے میں مرے کون سا پتھر نہیں آیا
ہم جو بھی ہوئے ہیں بڑی محنت سے ہوئے ہیں
کام اپنے کبھی اپنا مقدر نہیں آیا
کچھ اور نہیں بس یہ تو مٹی کا اثر ہے
ظالم کو کبھی کہنا ہنر ور نہیں آیا
دل کا سبھی دروازہ کھلا رکھا ہے میں نے
پر اس کو نہ آنا تھا ستم گر نہیں آیا
منہ موڑ لیا تم نے تو یہ حال ہوا ہے
وہ گھر سے گیا ایسے کہ پھر گھر نہیں آیا
غزلیں تو بہت کہتے ہو لیکن میاں زاہدؔ
اب تک تمہیں بننا بھی سخنور نہیں آیا
اب تو یہ بھی ہونے لگا ہے ہم میں ان میں بات نہیں (غزل)
اب تو یہ بھی ہونے لگا ہے ہم میں ان میں بات نہیں
دنیا والے پوچھتے ہیں کیا پہلے سے حالات نہیں
ایک اگر ہو عشق کی بازی تو پھر کوئی بات نہیں
کون سا ایسا کھیل ہے جس میں ہم نے کھائی مات نہیں
آنکھ سے آنسو بن کے بہیں جو ایسے سب جذبات نہیں
دل کا زخم چھپا کے جینا سب کے بس کی بات نہیں
دن تو دن ہے تیرے بن اب رات کی بھی اوقات نہیں
تم مل جاؤ اور سب بازی ہاریں بھی تو مات نہیں
زاہدؔ کی یہ ساری قناعت کیا تیری سوغات نہیں
تھوڑی پی کر زیادہ بہکے ایسی اس کی ذات نہیں