زاہد ٹانڈوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کون ہے اپنا کون پرایا یہ مت پوچھ (غزل)
کون ہے اپنا کون پرایا یہ مت پوچھ
دھوکہ دے جاتا ہے سایا یہ مت پوچھ
ہجرت کا دکھ دل چھلنی کر دیتا ہے
کیسے کوہ غم کو اٹھایا یہ مت پوچھ
اپنا چہرہ دیکھ کے کل میں چیخ اٹھا
ماضی کس نے حال بنایا یہ مت پوچھ
پنجوں کے بل اونچا ہونا ٹھیک نہیں
لیکن میں نے قد کیوں بڑھایا یہ مت پوچھ
ساری یادیں الماری میں رکھ آیا
ساتھ میں اپنے کیا کیا لایا یہ مت پوچھ
میرے چاروں جانب تھے احباب مگر
پیٹھ پہ کس نے تیر چلایا یہ مت پوچھ
خود غرضی کا دور ہے زاہدؔ یہ بھی سوچ
کس نے کس کا ساتھ نبھایا یہ مت پوچھ
کسی کے حکم کی تعمیل کرنے والا ہے (غزل)
کسی کے حکم کی تعمیل کرنے والا ہے
وہ اپنے لہجے کو تبدیل کرنے والا ہے
سنانے بیٹھ گئے کس کو درد و غم اپنا
وہ نقطے نقطے کی تفصیل کرنے والا ہے
کسی غریب کی عزت سے کھیلنے والو
خدا تمہاری بھی تذلیل کرنے والا ہے
جو خشک و تر کے مفاہیم سے نہیں واقف
سمندروں کو وہی جھیل کرنے والا ہے
میں اس کے ساتھ بھلا کس طرح رہوں زاہدؔ
جو بات بات پہ تذلیل کرنے والا ہے