پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زاہد شمسی کی غزلیں — Zahid Shamsi Ghazals

زاہد شمسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی منظر کے پس منظر میں جا کر (غزل)

کسی منظر کے پس منظر میں جا کر

چلو دیکھیں کسی پتھر میں جا کر

گھنے جنگل نے مجھ پر راز کھولا

نکل جاتا ہے ہر ڈر ڈر میں جا کر

خود اپنی ذات ہو جاتی ہے معدوم

خود اپنی ذات کے جوہر میں جا کر

مرے دل کی تمنا بن گیا ہے

وہ چہرہ میری چشم تر میں جا کر

سمٹ جاتے ہیں میرے ساتھ مجھ میں

مرے پاؤں مری چادر میں جا کر

تحیر خیز تھی اس کی فصاحت

وہ جب بھی چپ ہوا منبر میں جا کر

یہ زندہ شہر ہے تو کیسے زاہدؔ

میں مر جاتا ہوں اپنے گھر میں جا کر

عاجزی کو چلن کیے ہوئے ہیں (غزل)

عاجزی کو چلن کیے ہوئے ہیں

خاک اپنا بدن کئے ہوئے ہوں

ہجر اک مستقل لباس مرا

جس کو میں زیب تن کیے ہوئے ہوں

چند آنسو مرا اثاثہ ہیں

جن کو میں وقف فن کیے ہوئے ہوں

آبلے اگ رہے ہیں پاؤں میں

دشت سرو سمن کیے ہوئے ہوں

گھر میں رہ کر بھی گھر نہیں رہتا

خود کو یوں بے وطن کیے ہوئے ہوں

موت سے پہلے مر گیا ہوں میں

زندگی کو کفن کیے ہوئے ہوں

اس کا لہجہ کرخت ہو گیا ہے

اور میں حسن ظن کیے ہوئے ہوں

اک تری یاد ہے جسے زاہدؔ

اپنے دل کی چبھن کیے ہوئے ہوں

مزید غزلیں از زاہد شمسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں