پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زاہد نوید کی غزلیں — Zahid Naved Ghazals

زاہد نوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

فصیل جسم گرا کر بکھر نہ جاؤں میں (غزل)

فصیل جسم گرا کر بکھر نہ جاؤں میں

یہی خیال ہے جی میں کہ گھر نہ جاؤں میں

بدن کے تپتے جہنم میں خواہشوں کا سفر

اسی سفر کے بھنور میں اتر نہ جاؤں میں

ہوئی تمام مسافت اس ایک خواہش میں

کہ اب وہ لاکھ بلائے مگر نہ جاؤں میں

بکھیر دیتا ہے کچھ اور جب بھی ملتا ہے

اسے تو وہم یہی ہے سنور نہ جاؤں میں

وہ جس کی چاہ میں دشوار منزلیں طے کیں

خموش اس کے نگر سے گزر نہ جاؤں میں

نویدؔ اس سے مرا ربط لفظ و معنی کا

یہ رابطہ نہ رہے گر تو مر نہ جاؤں میں

شکستہ چہروں کو دیکھنے کے سفر میں ہوں میں (غزل)

شکستہ چہروں کو دیکھنے کے سفر میں ہوں میں

عجب طلسمی مسافرت کے خطر میں ہوں میں

وہ چاند ہے تو اسے اجالوں کی کیا کمی ہے

یہ بخت میرا کہ پھر بھی اس کی نظر میں ہوں میں

ہوا کبھی شام جنگلوں سے گزر ہو تیرا

تو اس سے کہنا ملو کہ باد سحر میں ہوں میں

ہوا ترے ہاتھ میں کہاں آ سکوں گا اب کے

نہ راستوں سے گزر ہے میرا نہ گھر میں ہوں میں

وہ مجھ میں ہے جو مجھے نکالے گا الجھنوں سے

نویدؔ صدیوں سے خواہشوں کے بھنور میں ہوں میں

مزید غزلیں از زاہد نوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں