زاہد وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کس نے کہا کہ ظلمت غم کی سحر نہیں (غزل)
کس نے کہا کہ ظلمت غم کی سحر نہیں
کیا بے بسوں کی آہ میں کوئی اثر نہیں
جذبات لفظ لفظ مہکنے بھی چاہئیں
دو چار شعر وزن میں کہنا ہنر نہیں
شہزادے اپنے رنگ محل سے نکل کے دیکھ
ایسے بھی لوگ ہیں جنہیں رہنے کو گھر نہیں
سوچو تو رنجشیں ہیں بہت اپنے درمیاں
کہنے کو اختلاف کسی بات پر نہیں
زاہد اک عمر چاہیے پرواز کے لیے
وہ کیا اڑیں گے جن کے ابھی بال و پر نہیں
بارہا اس جرم میں توڑا گیا ہے آئنہ (غزل)
بارہا اس جرم میں توڑا گیا ہے آئنہ
ٹکڑے ٹکڑے ہو کے بھی سچ بولتا ہے آئنہ
دیکھتا سب کچھ ہے لیکن بولتا کچھ بھی نہیں
حسن کی جلوہ گری کا آئنہ ہے آئنہ
کھول کر جزدان دیکھو تو سنور جائے حیات
مدتوں سے طاق میں رکھا ہوا ہے آئنہ
محو حیرت ہوں جسے پتھر کہا کرتے تھے لوگ
آج بستی میں وہی کہلا رہا ہے آئنہ
ہو گئیں ناکام آخر پتھروں کی سازشیں
آئنے کا ریزہ ریزہ ہو گیا ہے آئنہ
اپنی اپنی ذات میں دونوں کی دنیا مختلف
سنگ زاہدؔ سنگ ہے اور آئنہ ہے آئنہ