پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زاہد مسعود کی غزلیں — Zahid Masood Ghazals

زاہد مسعود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کل رات بہت زور تھا ساحل کی ہوا میں (غزل)

کل رات بہت زور تھا ساحل کی ہوا میں

کچھ اور ابھر آئیں سمندر سے چٹانیں

اک فصل اگی جوں ہی زمینوں پہ سروں کی

ترکش سے گرے تیر فصیلوں سے کمانیں

محسوس ہوا ایسے کہ چپ چاپ ہیں سب لوگ

جب غور کیا ہم نے تو خالی تھیں نیامیں

تم حبس کے موسم کو ذرا اور بڑھا لو

بے سمت نہ ہو جائیں پرندوں کی اڑانیں

کیوں ہونٹ پہ دریوزہ گر صوت و صدا ہیں

جو آہٹیں بے نام ہوئیں دست دعا میں

عجب کیا ہے رہے اس پار بہتے جگنوؤں کی روشنی تحلیل کی زد میں (غزل)

عجب کیا ہے رہے اس پار بہتے جگنوؤں کی روشنی تحلیل کی زد میں

ہوائے بے وطن رکھ لے طلوع مہر کا اک زائچہ زنبیل کی زد میں

غم بے چہرگی کا عکس تھا جس نے وجود سنگ کو مبہوت کر ڈالا

تراشیں سلوٹیں جوں ہی خد و خال تحیر آ گئے تشکیل کی زد میں

شب وعدہ فصیل ہجر سے آگے چمکتا ہے ترا اسم ستارہ جو

کہ جیسے کوئی پیوند ردائے صبح آ جائے کسی قندیل کی زد میں

تماشائی دریچے میں تھرکتی سرخ آنکھوں کے طلسم خواب میں گم ہیں

مگر سہمی ہوئی کٹھ پتلیوں کی زندگی ہے آخری تمثیل کی زد میں

مرے نامے تہی مضموں سہی پھر بھی تری لوح مقفل کی امانت ہیں

کبھی تو آئے گی شکل حروف نا فرستادہ خط تاویل کی زد میں

نظام بدل رہا ہے (نظم)

نظام بدل رہا ہے

نئے سکے رائج ہو چکے ہیں

نئے رجسٹروں پر پرانے ہندسے مکھیوں کی طرح بھنبھنانے لگے ہیں

کی بورڈ سے زنجیر کیے گئے ہاتھ

سات آسمانوں پر دستک دینے کی مشق کر رہے ہیں

نیوئن سائن سے باہر آتی ہوئی لڑکی

خالی جیبوں کی طرف اشارہ کر کے مسکراتی ہے

اور نوجوانی شیح نیک ٹائیاں لگائے

فائیو اسٹار ہوٹلوں کے باہر پڑی خالی بوتلوں میں

منی پلانٹ اگانے کی تربیت لے رہے ہیں

گونگے بہرے والدین

میلی رضائیوں میں پانی کی گرم بوتلوں سے لپٹ کر

آبائی قبرستانوں کا خواب دیکھتے ہیں

اور بچے

میوزک چینل کی دھن پر

''دنیا ایک گاؤں ہے'' کا نغمہ گاتے ہیں

مزید غزلیں از زاہد مسعود ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں