زاہد کونچوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ کون ہے جو بلاؤں کو ٹال دیتا ہے (غزل)
وہ کون ہے جو بلاؤں کو ٹال دیتا ہے
میں ڈوبتا ہوں تو دریا اچھال دیتا ہے
وہ تھوڑی دیر کو آتا ہے اور بستی کے
تمام لوگوں کو الجھن میں ڈال دیتا ہے
اب ایسے شخص کو کہتے ہیں لوگ دیوانہ
جو کر کے نیکیاں دریا میں ڈال دیتا ہے
زمانہ مجھ کو مٹانا تو چاہتا ہے مگر
مرا خدا مجھے اکثر سنبھال دیتا ہے
بدلتے وقت کا زاہدؔ مزاج دیکھیں گے
کسے عروج کسے وہ زوال دیتا ہے
جو دولت اور طاقت کے نشے میں چور ہوتا ہے (غزل)
جو دولت اور طاقت کے نشے میں چور ہوتا ہے
پرکھ لیجے اسے وہ آدمی مغرور ہوتا ہے
ہو نا فرمان بیٹا تو سکوں گھر میں نہیں رہتا
یہ غم ماں باپ کے دل کے لئے ناسور ہوتا ہے
چلو آؤ جلائیں علم کی قندیل گھر گھر میں
اسی قندیل سے دل کا اندھیرا دور ہوتا ہے
اسے معلوم ہے پتھر یقیناً اس پہ برسیں گے
مگر سچ بولنے کو آئنہ مجبور ہوتا ہے
کسی کے چاہنے سے کچھ نہیں ہوتا ہے اے زاہد
وہی ہوتا ہے جو اللہ کو منظور ہوتا ہے