پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زاہد مختار کی غزلیں — Zahid Mukhtar Ghazals

زاہد مختار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لرزتی رات باقی ہے ابھی تم ساتھ مت چھوڑو (غزل)

لرزتی رات باقی ہے ابھی تم ساتھ مت چھوڑو

ابھی تو بات باقی ہے ابھی تم ساتھ مت چھوڑو

یہ مانا صبح سے پہلے بکھرنا ہے تصور کو

اجل کی مات باقی ہے ابھی تم ساتھ مت چھوڑو

ابھی تو میں نے خنجر کا کیا اک راز ہے افشا

لہو کی ذات باقی ہے ابھی تم ساتھ مت چھوڑو

تری راہوں کے بخشے آبلے پھوٹے نہیں اب تک

ابھی سوغات باقی ہے ابھی تم ساتھ مت چھوڑو

میں اب بھی تیری پلکوں پر وہی ٹھہرا سا آنسو ہوں

مری برسات باقی ہے ابھی تم ساتھ مت چھوڑو

جنون دل کی وادی سے سکون دل کی سرحد تک

ابھی سکرات باقی ہے ابھی تم ساتھ مت چھوڑو

آئینے کے پار اتر کر خوابوں میں کھو جائیں گے (غزل)

آئینے کے پار اتر کر خوابوں میں کھو جائیں گے

آدھی کہانی تم دہراؤ آدھی ہم دہرائیں گے

تم نے بچا کر رکھا ہوگا سایا اپنے حصے کا

ہم دھوپوں کے ساتھ جئے ہیں چھاؤں میں جل جائیں گے

رات کے آنگن میں اترا ہے ایک ستارا خواب لئے

آج کہاں سے نیند کی پریاں ڈھونڈ کے اب ہم لائیں گے

ہریالی کے بیچ کا رستہ تصویروں میں قید ہوا

یہ تو بہاروں کی باتیں ہیں آگے لکھتے جائیں گے

سانسوں کا یہ راز انوکھا سب ہے عیاں پر سب پنہاں

لمحوں کو ہی روک کے اک دن ہم خود کو سمجھائیں گے

تم میرے ساتھ چل نہیں سکتے (نظم)

تم میرے ساتھ چل نہیں سکتے

تمہارے پیروں کو کاندھوں پہ

چڑھنے کی عادت ہے

اور میں

کاندھے جھکا نہیں سکتا

کہ ان پہ ہی تو میرا سر ہے

جو جھکنے کی ادا نہیں جانتا

مزید غزلیں از زاہد مختار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں