زاہد عظیم زاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم نے جب منگوائے دیپ (غزل)
تم نے جب منگوائے دیپ
ہم طوفان میں لائے دیپ
کاغذ پر تصویر بنا کر
ہیں اس نے لوٹائے دیپ
اک اک کر کے آنسو ٹپکا
تیل گرے بجھ جائے دیپ
سب گھر تاریکی میں ڈوبے
آسمان پر چھائے دیپ
تیری یاد یوں آئے جیسے
تاریکی میں آئے دیپ
گمراہوں کو راہ دکھانے
ساری رات بلائے دیپ
یادوں کا زاہدؔ آنکھوں میں
وہ بھی ایک جلائے دیپ
میں اکیلا ہوں اور ترا غم ہے (غزل)
میں اکیلا ہوں اور ترا غم ہے
آج کتنا اداس موسم ہے
تو پریشان سو گیا ہوگا
چاندنی آج تھوڑی مدھم ہے
اس کو دیکھا تو کچھ سکون ملا
میرا قاتل ہی میرا مرہم ہے
اس نے کھیلی تھی خون کی ہولی
پاس جس کے سفید پرچم ہے
تیری دنیا کے ضابطے اچھے
کوئی بھی خوش نہیں ہے تاہم ہے
سا رے گا ما سے پا دھا نی سا تک
ایک استھان ایک سرگم ہے
کیسے تجھ سے کروں گلے شکوے
آج تیرا مزاج برہم ہے
کیا ہوا میں جو بازی ہارا ہوں
آنکھ دشمن کی بھی تو پرنم ہے
سانس تو چلتی جائے گی زاہدؔ
گھر کے اندر ہوا مگر کم ہے
میرے خوابوں سے مری روح پہ چھانے والے (نظم)
میرے خوابوں سے مری روح پہ چھانے والے
تجھ کو ہر خواب کی تعبیر بنا بیٹھا ہوں
شاعری اپنی میں تقدیر بنا بیٹھا تھا
اب تجھے شعر کی تکمیل بنا بیٹھا ہوں
میری سوچوں کی حسیں دنیا سے باہر آ جا
میرے اوراق پہ صندل کی بچھا دے خوشبو
تیری تعظیم میں یہ جذبے کھڑے ہیں ہر سو
تیری تکریم میں ہر لفظ ہوا ہے جامد
تو جو آئے گی تو جیون کی کلی چٹکے گی
تو جہاں پاؤں دھرے پلکیں مری بچھ جائیں
تو جو آئے گی تو رنگین بہاریں ہوں گی
تو جو آئے گی تو پھر چاند ابھر آئے گا
تو جو آتی ہے تو خوشبوئیں بکھر جاتی ہیں
تو جو گزرے تو یہ گستاخ چراغوں کی لویں
ہل رہی ہوں بھی تو اک بار ٹھہر جاتی ہیں
تیرے آنے سے بہاروں نے بھی آنا سیکھا
تو اگر جائے تو پھر جاں بھی چلی جائے گی
تیرے چلنے سے صبا مست خرامی سیکھے
تو رکے گی تو مری سانس بھی رک جائے گی
ایک ہلکی سی کرن آنکھ سے تیری جھانکے
اس پہ روشن سے ستارے کا گماں ہوتا ہے
تو مجھے اتنا بتا دے کی مرے بارے میں
جب بھی تو سوچتی ہے کیسا سماں ہوتا ہے