پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زاہد علی خاں اثر کی غزلیں — Zahid Ali Khan Asar Ghazals

زاہد علی خاں اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں اچانک کسی کی یاد آئی (غزل)

یوں اچانک کسی کی یاد آئی

دل میں بجنے لگی ہے شہنائی

کیوں یہ دل اس گلی میں جاتا ہے

جس میں ہے ہر قدم پہ رسوائی

اس کی ہر اک ادا نشاط انگیز

خامشی اس کی ایک رعنائی

حسن کا راز تو کھلا ہی نہیں

ہیں شب و روز سب تماشائی

پھول بنتی ہیں بس وہی کلیاں

چوم لیتی ہے جن کو پروائی

فاصلے درمیاں میں کتنے ہیں

میں کہاں اور کہاں وہ ہرجائی

کاٹتے کیسے زندگی ہم لوگ

گر نہ ہوتے ترے تمنائی

دل نے ہر بار تیرا نام لیا

کوئی صورت اگر نظر آئی

موسم غم بتائیں کیا ہے اثرؔ

کم سنوں کی جوان انگڑائی

کچھ داغ محبت کے چھپانے کے لئے ہیں (غزل)

کچھ داغ محبت کے چھپانے کے لئے ہیں

کچھ زخم ہیں جو سب کو دکھانے کے لئے ہیں

انداز یہ سارے تو زمانے کے لئے ہیں

عشوے جو ہیں وہ ہم کو دکھانے کے لئے ہیں

دکھلائیں بھلا کیسے انہیں دل کی تڑپ ہم

شوخی و ستم ہم کو ستانے کے لئے ہیں

کیوں ہم سے سدا رکھتے وہ رسم و رہ الفت

یارانے بہت ان کو نبھانے کے لئے ہیں

معلوم اثرؔ اب ہوا انجام محبت

ہم خود کو زمانے میں مٹانے کے لئے ہیں

مزید غزلیں از زاہد علی خاں اثر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں