پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زاہد الاحسانی لوہاروی کی غزلیں — Zahid Al Ehsani Loharvi Ghazals

زاہد الاحسانی لوہاروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک حشر سا بپا ہے تجھے دیکھنے کے بعد (غزل)

اک حشر سا بپا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

کیا جانے کیا ہوا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

ہر درد لا دوا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

محسوس یہ ہوا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

بس اک ترا خیال ہے دنیا کو بھول کر

دل کو یہ کیا پتا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

راتوں کو نیند اڑ گئی دن کا سکوں گیا

یہ روگ لگ گیا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

اب کشتیٔ حیات کا حافظ ہے بس خدا

طوفان وہ اٹھا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

ظالم تری اداؤں پہ سو جان سے نثار

زاہدؔ بھی مر مٹا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

ادا شکر خدا کر گر تجھے پیمانہ ملتا ہے (غزل)

ادا شکر خدا کر گر تجھے پیمانہ ملتا ہے

بڑی مشکل سے اے واعظ در مے خانہ ملتا ہے

ہم اپنے راستے میں کعبہ و بت خانہ چھوڑ آئے

چلے جاتے ہیں دیکھیں کب در جانانہ ملتا ہے

کسی بھی انجمن میں جائیں تیرا ذکر سنتے ہیں

کسی محفل میں بھی پہنچیں ترا افسانہ ملتا ہے

سمجھ میں کچھ نہیں آتا کہ یہ کیا راز ہے یارو

مزاج شمع سے کیوں کر دل پروانہ ملتا ہے

بڑی مشکل سے ہوتا ہے کہیں اقبالؔ سا پیدا

کہ صدیوں میں کہیں جا کر کبھی فرزانہ ملتا ہے

نظر والے کو ہے نظارۂ روئے بتاں حاصل

جبیں والے کو ہی سنگ در جانانہ ملتا ہے

ہمیں مے خانہ دنیا میں کافی اشک پینے کو

جنہیں آنسو نہیں ملتے انہیں پیمانہ ملتا ہے

تو ان کے در پہ زاہدؔ آ گیا تو سوچتا کیا ہے

جھکا دے سر کہاں سنگ در جانانہ ملتا ہے