پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زاہد چوہدری کی غزلیں — Zahid Chaudhry Ghazals

زاہد چوہدری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ آفتاب میں ہے اور نہ ماہتاب میں ہے (غزل)

وہ آفتاب میں ہے اور نہ ماہتاب میں ہے

جو روشنی کہ ترے حس بے نقاب میں ہے

چمن میں لالہ و گل شرمسار ہوتے ہیں

عجب طرح کا اثر حس بے نقاب میں ہے

میں اپنے عشق فراواں پہ ناز کرتا ہوں

مرا کمال مرے حسن انتخاب میں ہے

اجڑ گیا ہے مرا گلشن حیات مگر

جنون شوق مرا عالم شباب میں ہے

نجات اس کی بجز عاشقی نہیں ہوگی

پھنسا ہوا جو زمانے کے پیچ و تاب میں ہے

وہ بزم شوق میں شامل کبھی نہیں ہوگا

جو بے وقوف کہ الجھا ہوا حساب میں ہے

وہ ولولہ ہے مری زندگی کی روح رواں

جو ولولہ کہ مرے شوق بے حساب میں ہے

وہ بے نقاب کیا جدت تخیل نے

جو راز کہنہ روایات کے نقاب میں ہے

مآل جوش عمل سر بلندئ قطرہ

یہ راز زیست نہاں خیمۂ حباب میں ہے

سکوت میں ہے زمانے کی موت پوشیدہ

حیات وہ ہے جو ہر لحظہ اضطراب میں ہے

مجھے قبول نہیں روز و شب کی خاموشی

مری حیات فقط شور انقلاب میں ہے

وہ بحر و بر میں نہیں اور نہ آسماں میں ہے (غزل)

وہ بحر و بر میں نہیں اور نہ آسماں میں ہے

جو راز زیست مرے شوق بیکراں میں ہے

مجھے قرار بجز شوق‌‌‌ بے قرار نہیں

سکون زیست مجھے شوخئ بتاں میں ہے

مجھے قبول نہیں ایسا راز سر بستہ

جو چشم عقل سے پوشیدہ لا مکاں میں ہے

مری حیات فقط جستجوئے پیہم ہے

مرا مقام ستاروں کے کارواں میں ہے

میں آسماں میں ستاروں کی سیر کرتا ہوں

یہ کیا سرور ترے سنگ آستاں میں ہے

مرے وجود میں پنہاں ہے گوہر یکتا

مرا وجود نہاں بحر بیکراں میں ہے

چمن میں جبکہ نشیمن بنا چکا ہوں میں

عجب طرح کی چمک چشم آسماں میں ہے

مرے کلام سے آیا ہے برگ گل پہ نکھار

مرے نفس کی مہک سارے گلستاں میں ہے

وہ لطف زیست جو ہے تند و تیز طوفاں میں

وہ شاخ گل پہ نہیں اور نہ آشیاں میں ہے

وہ سوز و ساز حقیقت سے آشنا ہوگی

وہ زندگی جو ہمہ وقت امتحاں میں ہے

ہر ایک لحظہ ہے اک تازہ ولولہ درکار

عجب طرح کا مزہ بحر بیکراں میں ہے

وہ میری قوت ایماں کی اک علامت ہے

جو شور حشر بپا بزم دشمناں میں ہے

مزید غزلیں از زاہد چوہدری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں