پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہیر النساء نگار کی غزلیں — Zaheerunnisa Nigar Ghazals

ظہیر النساء نگار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تری نگاہ کا یہ انقلاب دیکھا ہے (غزل)

تری نگاہ کا یہ انقلاب دیکھا ہے

دل و نظر میں عجب اضطراب دیکھا ہے

کبھی تو عشق میں یہ انقلاب دیکھا ہے

کہ اپنے آپ کو ہی بے حجاب دیکھا ہے

زمین شہر وفا کیوں نہ ہو فلک کا جواب

ہر ایک ذرہ یہاں آفتاب دیکھا ہے

جو بے مثال ہے دنیا میں عشق پروانہ

تو حسن شمع کو بھی لا جواب دیکھا ہے

دیا ہے جس نے خود اپنے لہو کا نذرانہ

رہ وفا میں اسے کامیاب دیکھا ہے

ہر ایک دور میں اہل ستم ذلیل ہوئے

جسے بھی دیکھا تو خانہ خراب دیکھا ہے

نگاہ ناز کے انداز جانتے ہیں ہم

ہمیں نے رقص میں جام شراب دیکھا ہے

تصورات میں رکھتے ہیں اک حسیں چہرہ

کسی نے ہم سا بھی اہل کتاب دیکھا ہے

یہ رہنما نہیں رہزن ہیں دور حاضر کے

کہیں بھی تم نے انہیں کامیاب دیکھا ہے

انسان کو ملتے ہیں نئی بات کے پتھر (غزل)

انسان کو ملتے ہیں نئی بات کے پتھر

ٹکراتے ہیں جس وقت خیالات کے پتھر

احساس پہ گرتے ہیں جو اوقات کے پتھر

جذبوں کو کچل دیتے ہیں حالات کے پتھر

جب پیار کی راہوں میں قدم اس نے بڑھایا

مجنوں کو بھی مارے گئے دن رات کے پتھر

کعبہ ہو یا کاشی ہو ذرا غور سے دیکھو

عظمت کی نشانی ہیں مقامات کے پتھر

کیا ہو گیا اس دور کو ارباب خرد کو

پڑنے لگے عقلوں پہ روایات کے پتھر

دیوانہ جو گزرا ہے کبھی تیری گلی سے

مارے اسے لوگوں نے سوالات کے پتھر

کیوں کر نہ ہو آئینۂ جذبات شکستہ

آئے ہیں مرے نام جوابات کے پتھر

دل پر مرے اس جان وفا نے سر محفل

پھینکے ہیں نگاہوں سے اشارات کے پتھر

محفل میں نگارؔ ان کے لئے میں نے تراشے

الفاظ کی شکلوں میں خیالات کے پتھر

مزید غزلیں از ظہیر النساء نگار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں