پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زاہد ابرول کی غزلیں — Zahid Abrol Ghazals

زاہد ابرول کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت تشنگی بھی ہے نشہ بھی (غزل)

محبت تشنگی بھی ہے نشہ بھی

صنم پتھر بھی ہے اور ہے خدا بھی

فقط انعام ہی دیتے رہے ہو

کسی غلطی پہ دو مجھ کو سزا بھی

مرے خوابوں میں ہے ہم راہ لیکن

دکھاتا ہے مجھے وہ آئنہ بھی

میں اک صحرا ہوں جس کی حد نہیں ہے

مرے اندر بھٹکتا ہے خدا بھی

تخیل میں بس اک ہی خواب کو رکھ

وہی دے گا تجھے تیرا پتہ بھی

بلائے گا مجھے جب میرا عاشق

تو بھر جائے گا اندر کا خلا بھی

جدا جو مجھ کو مجھ سے کر رہا ہے

خدا کر لے قبول اس کی دعا بھی

ترے دیدار کا طالب ہوں زاہدؔ

مگر مرغوب ہے مجھ کو انا بھی

اپنوں کا دل توڑ کے بابا (غزل)

اپنوں کا دل توڑ کے بابا

کیوں آئے گھر چھوڑ کے بابا

پیسہ پیسہ مانگ رہے ہو

پیسے سے منہ موڑ کے بابا

کیا ڈھونڈا تھا کیا پایا ہے

اپنا آپ نچوڑ کے بابا

کس سے رشتہ جوڑ رہے ہو

سب سے رشتہ توڑ کے بابا

جگ میں جن کے کارن آئے

کیا پایا انہیں چھوڑ کے بابا

دھاگا توڑ کے دیکھ لیا ہے

دیکھو پھر اسے جوڑ کے بابا

جس تنہائی کے ہو عاشق

وہ نہ ملے منہ موڑ کے بابا

یہ جگ ہے پتھر کی کلائی

دیکھو اس کو مروڑ کے بابا

مزید غزلیں از زاہد ابرول ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں