پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہیر الدین قریشی کی غزلیں — Zaheeruddin Qureshi Ghazals

ظہیر الدین قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اسے بس خواب میں دیکھا تھا پہلے (غزل)

اسے بس خواب میں دیکھا تھا پہلے

کہاں وہ سامنے آتا تھا پہلے

محبت ناز انداز و بیاں میں

سلیقہ اک ہوا کرتا تھا پہلے

یہ دید حسن یہ حسن نظارا

پس چلمن ہوا کرتا تھا پہلے

دلوں میں فاصلہ اتنا نہیں تھا

دلوں سے دل ملا ہوتا تھا پہلے

بہت مہنگا ہے اب کار محبت

بہت تھوڑے میں چل جاتا تھا پہلے

گریزاں ہے جو اب سائے سے میرے

مرا سایہ ہوا کرتا تھا پہلے

ہوا وہ مہرباں پیری میں تنہاؔ

وہی بت جو جواں ہوتا تھا پہلے

دن ابھی ہے تو رات بھی تو ہے (غزل)

دن ابھی ہے تو رات بھی تو ہے

جیت کے ساتھ مات بھی تو ہے

زندگی جاوداں بھی ہوتی ہے

زندگی بے ثبات بھی تو ہے

حد امکاں سے دو قدم بڑھ کر

دشت نا ممکنات بھی تو ہے

بات کہنی نہیں کوئی مشکل

کہہ گزرنے کی بات بھی تو ہے

ہم سے جو بن پڑا سو کر گزرے

آگے مولیٰ کی ذات بھی تو ہے

سارے در بند ہو گئے تو کیا

خالق کائنات بھی تو ہے

چلو ان کی گلی چلیں تنہا

وہ ہی راہ نجات بھی تو ہے

مزید غزلیں از ظہیر الدین قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں