ظہیر الحسن تشنہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم آئے نہیں تو ہم اپنی محفل کو سجا کر کیا کرتے (غزل)
تم آئے نہیں تو ہم اپنی محفل کو سجا کر کیا کرتے
رونق تم ہی تھے محفل کی اوروں کو بلا کر کیا کرتے
غائب تھے نظر سے ساحل بھی اور ٹوٹ چکی تھی کشتی بھی
ایسے میں عبث ہم طوفاں سے کشتی کو بچا کر کیا کرتے
اپنی ہی زمیں کے جب کتنے اسرار ابھی بھی ہیں پنہاں
اے لوگو بتاؤ تو اتنا ہم چاند پہ جا کر کیا کرتے
تھے اپنے پرائے سب دشمن اور لوٹ رہے بھی تھے مل کر
ایسے میں بلاتے ہم کس کو اور شور مچا کر کیا کرتے
پیغام تو ان کا آیا ہے تم شہر میں تشنہؔ آ جاؤ
صحرا ہے پسندیدہ ہم کو ہم شہر میں جا کر کیا کرتے
میری ذات میں بھی تھی دل کشی تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو (غزل)
میری ذات میں بھی تھی دل کشی تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو
کبھی میں ہی تھا تری زندگی تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو
تری زلف کی گھنی چھاؤں میں کوئی سویا تھا جو سکون سے
وہ حسیں سماں وہ حسیں گھڑی تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو
وہ اگرچہ تھی مری دل لگی جسے تو نے سچ ہی سمجھ لیا
مجھے یاد ہے تری برہمی تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو
تو ہی کہہ دے تجھ کو ملا بھی کیا بھری بزم سے جو اٹھا دیا
مجھے یاد اب بھی ہے وہ گھڑی تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو